• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2020 میں پاکستانی ڈراموں کے بہترین ڈائیلاگز

عالمی وباء کورونا وائرس کے باوجود سال 2020 پاکستان میں ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے بہت اچھا ثابت ہوا، اس سال بہت سے ڈرامے مقبول ہوئے جو روایتی ساس بہو کے جھگڑوں سے کچھ مختلف تھے اور اُن میں معاشرے کے دیگر پہلوؤں کو موضوع بنایا گیا تھا۔

رواں سال کے پاکستانی ڈراموں میں کہے جانے والے بہترین ڈائیلاگز جن کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی وہ یہ ہیں:

بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں دانش (ہمایوں سعید) کا ڈائیلاگ:

’’ایک دوسرے کو ٹوٹ کر چاہا تھا، ایک دوسرے سے مل بانٹ کر زندگی کو جیا ہے ہم نے، کبھی سوچا ہی نہیں کہ تنخواہ کم اور خواہش زیادہ ہیں، میں نے تو کبھی سوچا ہی نہیں تھا، جب دیکھتا تھا کہ لوگوں کے پاس پیسہ ہے ، گاڑی ہے، بنگلہ ہے ، بزنس ہے تو ڈٹ کر کہتا تھا میرے پاس تم ہو... اور تم پاس ہو تو مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں دانش (ہمایوں سعید) کا ایک اور مشہور ڈائیلاگ:

’’مرد عورت کا رشتہ بھی عجیب ہوتا ہے، وہ نظر بھر کے دیکھتی رہے تو خدا کر دیتی ہے اور نظر پھیر لے تو خدا سے جدا کردیتی ہے۔‘‘

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ کا ڈائیلاگ:

’’یہ آزمائششیں اسی لیے تو آتی ہیں اللّٰہ تعالیٰ کا نام لکھنے میں مجھ سے کوئی نہ کوئی کوتاہی یا بے ادبی تو ضرور ہوئی ہوگی، میرے بعد اس خاندان میں اللّٰہ تعالیٰ کا نام لکھنے والا کوئی نہیں رہے گا یہ بات کا غم ہے۔‘‘

ڈرامہ سیریل ’الف‘ کا ہی ایک اور مشہور ڈائیلاگ:

’’الف کے لیے میرا معاوضہ یہی ہوگا، وہ سات کیلی گرافیز، جن کو ابھی آپ بیچ رہے تھے۔‘‘

ڈرامہ سیریل ’کشف‘ میں کشف(حرا مانی) کا ڈائیلاگ:

’’ انسان کے اختیار میں تو کچھ بھی نہیں یا اللّٰہ... میرا ایمان ہے کامیابی، خوشی، سکھ، شفاء، اولاد، زندگی، موت صرف تو ہی عطا کرتا ہے، یہ سب جاننے کے باوجود یہ لوگ مجھ سے اُمیدیں لگا کر بیٹھ گئے ہیں یا میرے رب تو ہم سب کو ہدایت کا راستہ دکھا۔‘‘

سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’ثبات‘ میں حسن (امیر گیلانی) کا ڈائیلاگ:

’’ ہم ایک ہی شہر میں رہیں گے لیکن ایک دوسرے سے مل نہیں پائیں گے، ایک دوسرے کو دیکھ سکیں گے لیکن کسی اور کے ساتھ، میں تمہیں کسی اور کے ساتھ نہیں دیکھ پاؤں گا۔‘‘

ڈرامہ سیریل ’عہد وفا‘ کا ڈائیلاگ: 

’’وقت اپنی رفتار سے چلتا ہے تم اس کی اسپیڈ بڑھا نہیں سکتے اور نہ کم کرسکتے ہو، ابھی تو تم پاس آؤٹ ہوئے ہو ابھی وہ وقت نہیں ہے کہ تم اُس کے لیے کچھ کر سکو ابھی تو عشق کے بہت سے امتحان باقی ہیں اور ان امتحانوں میں چیٹنگ نہیں کرسکتے اور نہ جلد بازی، جلد بازی کی تو بہت سے جواب خراب بھی ہوسکتے ہیں اور غلط بھی ہوسکتے ہیں، انشاءاللّٰہ سب کچھ ٹھیک ہوگا۔‘‘
تازہ ترین