• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائی آلودگی میں پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر، ایئرکوالٹی انڈیکس

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں فضائی آلودگی کے باعث ہر سال ایک لاکھ 35 ہزار افراف زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں،ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں اوسط آلودہ ترین فضا میں دنیا بھر کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔

پاکستان کی ایئر کوالٹی انڈیکس ریٹنگ 10.6 ہے جو عالمی ادارہ صحت کی طرف سے مقرر کردہ حد سے 6 گنا زیادہ ہے۔

صوبہ پنجاب اس سے بہت زیادہ متاثر ہے۔لاہور جیسا شہر سردیوں میں آلودہ فضا اور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ سموگ کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں ٹرکوں،بسوں اور ٹرینوں سے نکلتا دھواں، فصلوں کی باقیات کا جلانا، اینٹوں کے بھٹے اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ اور ڈبل سٹروک انجن والے رکشوں اور موٹر سائیکلوں کا دھواں شامل ہے۔

فیکٹریوں کی چمنیوں میں ایئر پیور فلٹرز کا فقدان بھی آلودگی میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے۔فضائی آلودگی سے شہریوں کی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ 35 ہزار افراد فضائی آلودگی کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں متوقع زندگی کی مدت بھی 40 ماہ یعنی پانچ سال کم ہو گئی۔

تازہ ترین