خیبر پختون خوا کے آئی جی ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی کہتے ہیں کہ افغانستان میں 2 کالعدم تنظیموں جماعت الاحرار اور حزب الاحرار کا الحاق ہوا ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے آئی جی ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی کا کہنا ہے کہ دونوں تنظیموں کا الحاق خطرہ ہے جس کو مانٹیر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر باڑ لگا کر اچھا کام کیا ہے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے دہشت گردی تقریباً ختم ہو جائے گی۔
آئی جی خیبر پختون خوا نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کے 95 دہشت گردوں کو مارا اور 300 کو گرفتار کیا ہے، پولیس اور فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کرک مندر واقعے میں 150 افراد کو گرفتار کیا جن میں اہم رہنما بھی شامل ہیں، واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلائیں گے۔
ثناء اللّٰہ عباسی کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع میں 700 خواتین نے پولیس میں بھرتی کے لیے درخواستیں دی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قبائلی اضلاع میں پولیس میں بھرتی کے لیے 40 خواتین شارٹ لسٹ ہوئی ہیں۔
آئی جی کے پی کے کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے 54 واقعات میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔