• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی صدر جو بائیڈن کو مبارکباد

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ان کو صدارتی منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

چانسلر میرکل نے جو بائیڈن سے گفتگو میں کہا کہ امریکا، یورپ اور ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرز کے ساتھ مل کر جرمنی بین الاقوامی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔

جرمن چانسلر آفس کے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کورونا وبا کے دوران مزید بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اسی تناظر میں چانسلر میرکل نے امریکا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

علاوہ ازیں دونوں سربراہوں نے افغانستان، ایران، تحفظ ماحولیات اور تجارتی معاملات پر بھی بات چیت کی۔


انگیلا میرکل نے بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر طے شدہ پیرس معاہدہ میں امریکا کی واپسی کو ایک خوش آئند عمل قرار دیا۔ اس موقع پر چانسلر میرکل نے صدر بائیڈن کو جرمنی کے دورے کی دعوت بھی دی۔

واضح رہے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار میں جرمنی اور امریکا کے مابین باہمی تعلقات اختلافات کا شکار رہے تھے۔

جرمن حکومت پر امید ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ ایک مرتبہ پھر جرمنی اور امریکا کے مابین شراکت داری کی اہمیت سمجھتے ہوئے ٹرانس اٹلانٹک اور عالمی امور کے حوالے سے مل کر کام کریں گے۔

تازہ ترین