• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات کے نام پرتھڑوں کی مسماری اورگرفتاریاں عوام دشمن اقدام ہے ،پشتونخوامیپ

کوئٹہ( پ ر )پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کاروپوریشن کی جانب سے باچا خان چوک بلدیہ پلازہ میں تجاوزات کے نام پردکانداروں کی گرفتاریوں، لاکھوں روپے کا سامان ضبط کرنے اور تھڑوں کو مسمار کرنے کے غریب وتاجردشمن اقدام کی مذمت کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب ملک میں تاریخ کی بدترین مہنگائی غریب عوام پر مسلط کی گئی ہے آئے روز پٹرولیم مصنوعات، گیس ، بجلی سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ دوسری جانب ہر شے غریب عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ۔عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ مہنگائی اور ناروا ٹیکسز کی وجہ سے غریب اورچھوتے تاجروں اور کاروباری خضرات کی بھی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ایسے میں ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے اچانک بنا کسی نوٹس کے تجاوزات کے نام پر آپریشن کرنے اور اس دوران تاجروں ،دکانداروں ، تھڑے والوں کے لاکھوں روپے کا سامان جن میں کمبل ، قالین ، گھریلو ضرورت کی اشیاء ، بچوں کے کھلونے جیسے سامان کو ضبط کرنا، مختلف سامان اور تھڑوں کو مسمار کرنا ، دکانداروں کو گرفتاری کے احکام جاری کرکے انہیں حوالات میں بند کرنے کے ناروا عوام دشمن ، تاجر دشمن اقدام قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز باچا خان چوک بلدیہ پلازہ میں ایسے ہی ناروا اقدامات کے ذریعے تاجروں کے لاکھوں روپے کے سامان کو ضبط کیا گیا اور تھڑوں کو مسمار کرنے کے ساتھ مختلف دکانداروں ،مزدوروں کو بھی پولیس تھانے میں بند کردیا گیا ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فی الفور تاجروں ،دکانداروں کے سامان کو مکمل طور پر واپس کیا جائے اور تمام گرفتار شدہ دکانداروں اور مزدوروں کو رہا کیا جائے ۔بصورت دیگر پشتونخوامیپ تاجروں ودکانداروں اور عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ احتجاج کا فیصلہ کریگی جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی انتظامیہ ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ 
تازہ ترین