• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے نجات کیلئےروحانی تدابیر بھی اپنائی جائیں‘ علماء

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی دعوت پر مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں، دینی مدارس کے منتظمین اور مساجد کے آئمہ و خطباء کا ہنگامی اجلاس دارالعلوم ذکریا میں مولانا قاضی عبدالرشید کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اعلان کیا گیا کہ ماہ رمضان میں مساجد کھلی رہیں گی اور تراویح و اعتکاف سمیت دیگر عبادات کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی پابندی قبول نہیں کی جائیگی۔ علماء کرام نے کہا کہ مساجدو مدارس میں ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جاتا ہے تاہم ناروا پابندیاں یا رکاوٹ قابل قبول نہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے وقف ایکٹ کے حوالے سے مختلف مساجدو مدارس میں سرکاری اہلکاروں کی آمد اور کوائف ناموں کی تقسیم کو طے شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی اور اعتماد کی فضا کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔ اعلامیہ میں وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس کے ساتھ معاملات طے کئے بغیر کسی قسم کے کوائف جمع نہ کروانے اور سرکاری اہلکاروں کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں وقف ایکٹ کی واپسی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ مشترکہ اجلاس میں اس بات کی ضرورت پر زور دیا گیا کہ صرف طبی احتیاطی تدابیر پر ہی اکتفاء نہ کیا جائے بلکہ روحانی احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کیا جائے اور عوام میں خوف و ہراس اور مایوسی پھیلانے کی بجائے رجوع الی اللہ کا درس دیا جائے۔ اجلاس کے دوران مولانا قاضی عبدالرشید کی سرپرستی اور مولانا مفتی اویس عزیز کی سربراہی میں پندرہ رکنی ایکشن کمیٹی بھی بنائی گئی جو مساجدو مدارس کے معاملات میں ائمہ و خطباء اور اہل مدارس کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور کسی قسم کے ناخوشگوار صورتحال میں حکمت عملی طے کریگی۔
تازہ ترین