• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، تراویح کے دوران مسجد میں فائرنگ سے 8 افراد شہید، 5 سگے بھائی شامل

کابل (اے ایف پی /جنگ نیوز )افغان صوبے ننگرہار میں مسلح افراد نے رات گئے مسجد میںتراویح کے دوران فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو شہید کردیا ۔رپورٹس کے مطابق شہید افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں 5 سگے بھائی اور 3 کزن شامل ہیں جب کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔صوبائی گورنر ضیاالحق نے کہا کہ زمین کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے ۔ افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں مسجد کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 8افراد شہید ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچنگ شروع کردی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ننگر ہار پولیس ترجمان فرید خان نے واقعے کے تصدیق کی ہے ، دوسری جانب افغان پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کی ملکیت سے متعلق تنازع پر پیش آیا تاہم واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔فائرنگ کی اطلاع ملنے پرعلاقہ پولیس اوردیگر تفتیشی ادارے بڑی تعداد میں جائے وقوع پر پہنچ گئے اور انہوں نے ارد گرد کے تمام علاقوں میں آمد و رفت معطل کردی ۔ پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے ہیں۔

تازہ ترین