سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کی پاکستان آمد سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق نئے سفری ہدایت نامے سے متعلق نوٹیفکیشن ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے جاری کیا ہے۔
سی اے اے اعلامیے کے مطابق پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ملک آمد سے 72 گھنٹے قبل کی منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔
سی اے اے کے مطابق پاکستان پہنچنے پر سفارتی عملہ اور ان کے اہل خانہ کارپڈ انٹیجن ٹیسٹ بھی لازمی کرائیں گے۔
اعلامیے کےمطابق آر اے ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں سفارت کار کو گھر پر لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا۔
سی اے اے اعلامیے کے مطابق سفارتکاروں، انکے اہلخانہ کے لیے سفری ہدایات این سی او سی ہدایت پر جاری کی گئیں۔
اعلامیے کے مطابق سفارتکاروں اور ان کے اہلخانہ سے متعلق نئے سفری ہدایت نامے کا مراسلہ متعلقہ حکام اور اداروں کو ارسال کردیا گیا ہے۔