• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد عمر حقائق سے لاعلم وزیر ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مشیرِ قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اسد عمر حقائق سے لاعلم وزیر ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کو کرارا جواب دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اسد عمر سندھ میں وفاق کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے چھ اسکیموں کی بات کی ہے تو وہ سو فیصد درست ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اسد عمر جیسے وزیر ہوا میں بات کریں گے تو دیگر وزراء کا کیا حال ہوگا، اسد عمر صاحب گرین لائن منصوبے کا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کراچی کے عوام کو صرف تسلی دینے کے علاوہ کچھ نہیں دیا، آخر کب تک سندھ کے عوام کو لالی پاپ دیتے رہیں گے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی سیاسی بیان بازی پر انحصار کر رہا ہے، موصوف نے اپنی ہی حکومت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اسد عمر ایمانداری کا بھاشن دینا چھوڑ دیں، 2018 میں کراچی کے لیے فائر ٹینڈرز میں دو ارب روپے کس نے کیسے خرچ کیے؟ اسد عمر صاحب! گرین لائن کی بسوں کے ٹھیکوں میں کون کونسا ٹھیکیدار ملوث ہے زرا قوم کو بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت پنجاب اور خیبر پختون خوا میں زیادہ منصوبے رکھ رہی ہے، مگر سندھ کے عوام کو تعصب کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں 70 فیصد روینیو جنریٹ کرنے والے صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔

تازہ ترین