کراچی ضلع وسطی کے رضویہ سوسائٹی تھانے کی حدود میں کالج سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو والدین کی درخواست پر پولیس تلاش کر رہی تھی کہ ایسے میں لڑکی کا ویڈیو بیان سامنے آگیا، جس کے مطابق لیاقت آباد کی رہائشی 20 سالہ لڑکی رمشاء نے باضابطہ نکاح کر لیا۔
تھانہ رضویہ کی حدود سے رمشاء نامی لڑکی کی گمشدگی کی خبریں گذشتہ 2 دنوں سے سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی تھیں۔
رمشاء کے وڈیو بیان کے مطابق وہ عاقل اور بالغ ہے، اس نے شاہ میر سے باہمی رضامندی اور بخوشی کورٹ میں نکاح کیا ہے۔ جس کا نکاح نامہ بھی دکھایا گیا ہے جبکہ تھانہ رضویہ کی جانب سے پیش ہونے کی مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔
شاہ میر کا کہنا تھا کے ہم نکاح کر چکے ہیں جس کی کاپیاں تھانہ رضویہ اور ایس ایس پی آفس میں جمع کروائی جاچکی ہیں۔
ہمارے وڈیو بیان کو حتمی سمجھا جائے ہم نے کوئی گناہ کا کام نہیں کیا۔ لڑکی کے اہلخانہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔