امریکی گلوکارہ بیونسے کے سابق ٹرینر کریگ ایڈمز کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث چل بسے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیونسے اور ان کا پورا خاندان اس موقع پر غمزدہ ہے کیونکہ کریگ ایڈمز بیونسے کے قبیلے کے قریبی خاندانی دوست بھی تھے۔
معروف فٹنس کوچ کے بارے میں کہا گیا تھاکہ وہ صحت مند ہیں لیکن منگل کی رات وائرس کا شکار ہونے سے مبینہ طور پر گردے فیل ہونے کی وجہ سے چل بسے۔
فٹنس کوچ کریگ ایڈمز کے انتقال کی خبر کی تصدیق بیونسے کی والدہ ٹینا نے کی اور کہا کہ کریگ ان کے لیے اور ان کی بیٹی بیونسے کے لیے خاندان کے فرد کی طرح تھے۔
بیونسے کی والدہ ٹینا نولز نے مزید کہا ہے کہ وہ آج صبح سے دل شکستہ ہیں، انہیں آج صبح پتہ چلا ہے کہ ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والے حیرت انگیز انسان کریگ ایڈمز کل رات کورونا وائرس سے انتقال کر گئے۔
ٹینا نولز نے کہا کہ اس خوفناک قاتل بیماری نے ان کے اعضاء پر حملہ کیا اور گردے فیل ہوجانے کی وجہ سے وہ کل رات اس بیماری کے سبب دم توڑ گئے۔
بیونسے کی والدہ نے مزید کہا کہ ایڈم کریگ ایک فٹنس ٹرینر، صحت مند اور ایک خوبصورت انسان تھے جو کہ مہربان، محبت کرنے والے اور نرم مزاج تھے اور اُن کے خاندان سے بہت محبت کرتے تھے۔