• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ آئر لینڈ کے صدر احسن چٹھہ کی بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات

راچڈیل(ہارون مرزا)پاکستان مسلم لیگ ن آئرلینڈ کے صدر احسن چٹھہ نے مسلم لیگ ن کے چیف کوارڈینیٹر برائے انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک سے راچڈیل میں ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی ‘ بیرسٹر امجد ملک نے احسن چٹھہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا ‘ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔احسن چٹھہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم80لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے پی ایم ایل این کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہونگی ‘ انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ‘ صدر میاں شہباز شریف اور صدر برائے بین الاقوامی امور اسحاق ڈار کے بھر پور اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ ن کا پیغام آگے بڑھانے کیلئے بھر پور کوششیں کرینگے۔ انہوں نے آئرلینڈ میں پاکستان مسلم لیگ ن کو دوبارہ منظم کرنے کی ضرورت ‘ مستقبل قریب میں درپیش مسائل اور چیلنجز سے بھی آگاہ کیا ۔بیرسٹر امجد ملک نے انکی آمد کا خیر مقدم کیا اور حکومت میں پی ایم ایل این کے وقت ڈبلن میں پاکستانی سفارت خانے کو بچانے میں انکے بروقت کردار کو بھر پور سراہا ، انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ طور پر رکنیت بڑھائیں گے، لوگوں سے رابطہ کریں گے اور میڈیا و سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی موجودگی کو اور پیغام واضح کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہماری آواز سنی جا سکے۔امجد ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں مرکزمیں او پی ایف کے ذریعے اور پنجاب میں او پی سی کے ذریعے 80ملین تارکین وطن کی بلاامتیاز آواز سنی گئی، انکی شکایات کو دور کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کیے گئے، بیرون ملک مقیم پاکستانی پی ایم ایل این کی قیادت کو بہت عزیز ہیں، جب بھی وقت آئے گا پی ایم ایل این ایک بار پھر فیصلہ ساز اداروں میں نمائندگی کے ذریعے شکایات کو مناسب طریقے سے نمٹائے گی اور بیرون ملک سرمایہ کاری میں اضافہ یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائینگے۔ اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے اپنی نئی تصنیف روڈ ٹو پاکستان کا تحفہ احسن چٹھہ کو پیش کیا ۔
تازہ ترین