• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیشنل آئی جی موٹروے فائرنگ کیس: گرفتار ملزم بلال کے 4 ساتھی کراچی جیل میں

ایڈیشنل آئی جی موٹروے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کے الزام میں خیبر سے گرفتار ملزم محمد بلال کے 4 ساتھی کراچی کی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ 

سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس ساوتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق ڈیفنس کراچی کے بنگلوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے اس گروہ کو ساؤتھ پولیس کے شعبہ آپریشن اور انویسٹی گیشن کی مشترکہ کارروائی کے دوران 26 دسمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے کے حوالے سے بدنام یہ ملزمان ’ویک اینڈ گینگ‘ کے نام سے بھی مشہور تھے جو صرف جمعہ اور ہفتہ کی راتوں کو ہی وارداتیں کرتے تھے۔

ملزمان کے خلاف کراچی سے پشاور تک آپریشن کرنے والی ساوتھ پولیس کی ٹیم کے انچارج ڈی ایس پی درخشاں زاہد حسین کے مطابق ملزمان ناصر شاہ عرف حاجی، آصف خان، سردار اور راج ولی اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد میں بھی وارداتیں کرتے رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف ڈکیتی کی 16 وارداتوں کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔ 

پولیس کے مطابق ملزمان کے ایک ساتھی مومن خان کو رواں سال 25 اگست کو گرفتار کیا گیا۔ ایک ملزم نے عدالت سے ضمانت حاصل کرلی تھی جبکہ 4 ابھی بھی کراچی کی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔ جن کی رہائی کیلئے پس پردہ کوششوں میں گروہ کا سرغنہ محمد بلال ملوث رہا ہے۔

زاہد حسین کے مطابق اس آپریشن کے دوران گروہ کے سرغنہ محمد بلال کو کوششوں کے باوجود گرفتار نہیں کیا جاسکا تھا۔ پشاور میں حضرت آباد پشاور کے رہائشی محمد بلال کو خیبر کے علاقے لنڈی کوتل بازار کے قریب ایک مکان پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد موٹروے پر حملہ آور ملزمان کی گاڑی سے ملنے والے ڈی وی آر سے ان ملزمان کی مبینہ طور پر شناخت سامنے آئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران چوری کیا گیا ڈی وی آر دیگر مسروقہ سامان حملہ آور ملزمان کی گاڑی سے ملا تھا۔ واردات کا نشانہ بننے والے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کے چہرے واضح نظر آ رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے حملہ کیس کی تفتیشی ٹیم نے کراچی کی ساؤتھ پولیس سے تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ ان مفرور ملزمان کے خلاف 16 مقدمات کی تفتیشی رپورٹ بھی پنجاب پولیس کو دی گئی۔

تازہ ترین