پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے سی سی کے اجلاس میں شرکت میرا پہلا تجربہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایونٹس میں پاکستان اپنا کیسے کردار ادا کر سکتا ہے اس پر بات ہوئی۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی میزبانی میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر ہوگا، جبکہ 2023 میں ایشیا کپ ففٹی اوورز فارمیٹ پر ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ 2023 میں ہونے والے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں ورلڈکپ ہے، اس لیے 50 اوورز کا ایشیا کپ فائدہ مند رہے گا۔
رمیز راجا نے کہا کہ ہم ٹورنامنٹ اچھے انداز میں آرگنائز کروائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل اسی مقصد کے لیے بنی کہ ایشیا کی آواز بن سکے، اے سی سی کا مقصد یہی ہے کہ ایشین بلاک کو اہمیت مل سکے۔
رمیز راجا نے کہا کہ ایشین ممالک میں کسی کے ساتھ اونچ نیچ ہو تو سب مل کر آواز اٹھائیں، ہمیں ایشین ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرنے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ انڈین کرکٹ بورڈ سے بھی سائیڈ لائنز پر میری بات ہوئی، سارو گنگولی سے ملاقات کی، جے شاہ سے بھی میری ملاقات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے روابط ہمیں مضبوط کرنے ہی ہیں، سیاست کرکٹ سے جتنی دور رہے اتنا بہتر ہے، پاک بھارت کرکٹ کی بحالی کے لیے بہت کام کرنا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت مقابلے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ابھی پاک بھارت میچ آ رہا ہے، فینز کو کہوں گا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا میچ بڑا اہم ہے، اگر ہم جیتے ہیں تو پوری قوم کو ایک اچھا پیغام جائے گا۔