بختاور بھٹو اور بیٹا اسپتال سے ڈسچارج

October 19, 2021

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری بیٹے کی پیدائش کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہوگئیں۔

بختاور بھٹو نے اپنی حالیہ ٹوئٹ میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے چاہنے والوں کو بتایا کہ وہ اور اُن کا بیٹا میر حاکم محمود چوہدری 17 اکتوبر کو اسپتال سے گھر آگئے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’ہمیں 17 اکتوبر کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور بالآخر اپنے بچے کے ساتھ ہم گھر میں رہ رہے ہیں۔‘

اپنے پیغام میں انہوں نے چاہنے والوں کے تمام پیغامات ، محبت اور دعاؤں کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بختاور بھٹو نے اپنے بیٹے کے نام کے حوالے سے ایک پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے بیٹے کا نام ’میر حاکم محمود چوہدری‘ رکھا ہے۔

بختاور بھٹو زرداری کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ انہوں نے بیٹے کا نام مرحوم ماموں کی نسبت سے ’میر ‘جبکہ دادا کی نسبت سے ’حاکم‘ رکھا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور محترمہ بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش 10 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری 29 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔