میونسپل کارپوریشن: افسران کو ملازمین کی دستاویزات جمع کرانیکا حکم

January 02, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ڈائریکٹر (ایچ آرایم)حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن نے دوروز میں تمام شعبوں کے افسران کو اپنی اور اپنے ماتحت ملازمین کی سروس پروفائل‘ سروس بک‘ بھرتی‘ ترقیوں‘ تعیناتیوں کی دستاویزات جمع کرانے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت عظمی کے آؤٹ آف ٹرن پروموشن‘ ڈیپوٹیشن‘ نان کیڈر‘ انڈکشن‘ اوپی ایس‘ دہرے‘ اضافی و عارضی چارج ختم کرنے کے احکامات کی روشنی میں سیکریٹری بلدیات نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئےے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن میں معمولی گریڈ کے کیڈر تبدیل اور پر ڈیپوٹیشن پر تعینات سینکڑوں ملازمین کو ماہانہ 4 کروڑ روپے سے زائد اضافی رقم تنخواہوں کی مد میں ادا کرکے کرپشن کی بھینٹ چڑھا دی جاتی ہے‘ خلاف ضابطہ تعینات موجودہ نان ایس سی یو جی میونسپل کمشنر پر بھی غیرقانونی بھرتیوں کے الزامات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن حیدرآباد / بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں 8 سال سے زائد عرصہ گزرجانے کے باوجود عدالت عظمی سپریم کورٹ آف پاکستان‘ سندھ ہائی کورٹ‘ چیف سیکریٹری سندھ‘ سیکریٹری بلدیات کے آؤٹ آف پروموشن‘ ڈیپوٹیشن‘ نان کیڈر‘ انڈکشن‘ ڈیپوٹیشن‘ او پی ایس‘ اضافی و عارضی اور دہرے چارج ختم کرنے اور ملازمین کو ان کے اصل شعبہ جات اور کونسلوں میں بھیجنے کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کرایا جاسکا ہے جس کے بعد ڈائریکٹر (ایچ آر ایم) حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے دو روز میں تمام شعبہ کے افسران کو اپنی اور اپنے ماتحت ملازمین کی سروس پروفائل‘ سروس بک‘ بھرتی‘ ترقیوں‘ تعیناتیوں کی دستاویزات جمع کرانے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔