مختلف علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہم، شہریوں نے رسمی قرار دیدیا

January 02, 2022

سکھر (بیورو رپورٹ) عوام کی بڑھتی ہوئی شکایات پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ متحرک، مختلف علاقوں میں مچھر مار اسپرے مہم شروع، شہریوں نے رسمی کارروائی قرار دیتے ہوئے پہلے گندگی کے ڈھیر صاف کرنے کا مطالبہ کردیا. سکھر شہر کے گنجان آباید والے علاقوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور گندا پانی جمع رہنے سے مچھروں کی بہتات عوام کے لئے وبال جان بنی ہوئی ہے، لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، شہریوں کی شکایت کے ازالے کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے مچھر مار مہم شروع کی ہے اور ابتدائی طور پر سکھر پریس کلب و اطراف کے علاقوں میں مچھر مار اسپرے کیا گیا ہے، شہریوں نے انتظامیہ کی کارروائی کو رسمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف چند ایک مخصوص مقامات پر مچھر مار اسپرے کرکے کاغذوں میں پورے شہر میں اسپرے مہم دکھا دی جائے گی، ہر بار ایسا ہی ہوتا ہے، اگر انتظامیہ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے تو پہلے گندگی کے ڈھیر صاف کئے جائیں کیونکہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر پر ہی مچھروں کی افزائش ہورہی ہے، پورا شہر کچرا کنڈی بنا ہوا ہے، اگر گند و کچرا صاف کئے بغیر مچھر مار مہم جاری رہی تو اس کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوں گے۔