نئے سال کی آمد پر فنکاروں کا مثالی جشن

January 04, 2022

کورونا کے ستائے فن کاروں نے نئے سال کا جشن دُھوم دَھام سےمنایا۔ درجنوں نئی فلموں کی ریلیز کی تیاریاں عُروج پر پہنچ گئیں۔ صبا قمر، ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر،صنم سعید، نیلم منیر، احسن خان اور ہمایوں سعید سمیت دیگر فن کاروں کی فلمیں رواں برس ریلیز کی جائیں گی۔ 2022ء کی آمد پر شان دار کنسرٹس اور آتش بازی کے مظاہرے کیے گئے۔

کراچی سمیت پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں میں خوشیوں اور اُمیدوں کے گیتوں سے سجی یادگار شاموں کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستانی فن کاروں نے بیرون ملک بھی نئے سال کی آمد کے موقع پر منعقدہ نیو ایئر نائٹ میں اپنی آواز کاجادو جگایا اور خُوب رنگ جمایا۔ عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے نئے سال کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی کنسٹرٹ میں چار گھنٹے مسلسل پرفارمنس کا ریکارڈ قائم کیا۔

دبئی میں منعقدہ کنسرٹ میں بھارتی، سری لنکن، بنگلہ دیشی اور پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ استاد راحت فتح علی خان نے درجنوں زبان کے مختلف رسیلے گیتوں سے محفل میں رنگ جمایا۔ اسی طرح نئی نسل کے مقبول گلوکار عاطف اسلم نے 31؍ دسمبر کو ابوظہبی میں منعقدہ لائیو کنسرٹ میں پرفارمنس دی۔ دُنیا بھر سےروزی کمانے کے لیے آئے ہوئے موسیقی کے دیوانوں نےعاطف اسلم کے سپرہٹ سونگز پرخُوب انجوائے کیا۔ شہر قائد نیو ایئرکے موقع پر برقی قمقموں سے جگمگاتا رہا اور نئے سال کے جشن کے موقع پر کی گئی آتش بازی سے آسمان رنگ و نُور سے بھر گیا۔

خوشیوں، امیدوں، آرزوئوں، خواہشوں اور چاہتوں کے گیتوں سے سجی درجنوں محافل موسیقی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بین الاقوامی شہرت کے حامل گلوکار سجاد علی، ساحر علی بگا، امانت علی، کومل رضوی، نتاشہ علی اور راگا بوائز نے حصہ لیا۔ پورٹ گرانڈ میں حسب روایت شان دارمیوزیکل پروگرام اور زبردست آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔ نئی نسل کے موسیقی کے دیوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نوجوانوں کے چہرے خوشیوں سےدمک رہے تھے۔ کورونا اور لاک ڈائون کی وجہ سے شہری تفریحی پروگراموں کے لیے ترس گئے تھے ، یہی وجہ تھی کہ کراچی میں ہونے والے کنسرٹس میں نوجوانوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

پورٹ گرانڈ میں منعقدہ شان دار میوزیکل پروگرام میں خود غرض بینڈ، سونیا، نُدرت، امجد حسن، تیمور، مبشر، ارسلان، زبیر ملک، نوید تاج، زبیر رحمن اور دیگر ابھرتے ہوئے فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انتظامی امور کاشف گرامی نے احسن طریقے سےانجام دیے۔ نیوایئر لائیو کنسرٹس کی سب سےاچھی بات یہ سامنے آئی کہ اس موقع پر کوئی ناخوش گوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔ کم از کم ان کنسرٹس میں تو نظم و ضبط دیکھنے میں آیا۔ نوجوان بھنگڑے ڈالتے رہے اور نئے سال کا جَشن بھر پور انداز میں مناتے رہے۔

اس بار سب سے خوش گوار حیرت حیدرآباد میں غیر معمولی کنسرٹس دیکھ کر ہوئی۔ پہلی بار نیو ایئر کا جَشن دُھوم دَھام سے منایا گیا۔ ایک ہفتے تک روزانہ کی بنیاد پر میوزیکل پروگرام اور اسٹیج ڈرامے پیش کیے گئے، جس میں نامور فن کاروں نے خُوب رنگ جمایا ’’جشن حیدرآباد‘‘ کے نام سے منعقدہ فیملی فیسٹیول میں نئے سال کے جَشن کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں ایس ایس پی حیدرآباد، ڈی سی، کمشنر حیدرآباد اور جی او سی پاکستان آرمی سمیت مختلف اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

جہاں زیب خان، وقار دانش، راحیل اور اصغر راجپوت نے انتظامی امور احسن طریقے سے انجام دیے۔ اس موقع پر سخت سیکیوری دیکھنے میں آئی۔ نئے سال کے کنسرٹ کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ بھنگڑا اسٹار سلیم جاوید کو کراچی سے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ پاپ سنگر سلیم جاوید نے اپنے سپرہٹ سونگز پیش کیے تو ہزاروں نوجوان جُھومنے پر مجبور ہوگئے۔

اس طرح کا غیر معمولی کنسرٹ ہم نے کئی برسوں بعد دیکھا۔ حیدرآباد کے رانی باغ میں منعقدہ کنسرٹ میں جہاں نظر پڑتی تھی، موسیقی کے متوالوں اور دیوانوں کی کثیر تعداد نظر آتی تھی۔ سب سے اہم بات فیملیز کا اتنی بڑی تعداد میں میوزیکل پروگرام میں شرکت کرنا تھی، کیوں کہ عام طور پر حیدرآباد کے ثقافتی شوزمیں فیملیز شرکت کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ سلیم جاوید کی بھنگڑا پرفارمنس میں نوجوان ایسے جُھوم رہے تھے، جیسے انہیں آج دنیا بھر کی خوشیاں میسر آگئی ہوں۔ بعد ازاں اس فیسٹیول میں سال کے پہلے روز معروف موسیقار اور گلوکار ساحر علی بگا نے آواز کا جادو جگایا، ان کی پرفارمنس کو بھی بے حد سراہا گیا۔

اب ہم فلم انڈسٹری کی بات کرتے ہیں،

2022ء کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس سال کے آغاز میں فلم اور ٹی وی کے نامور فن کاروں نے ایک دوسرے کو چھیڑ چھاڑ کے پیغامات دیے۔ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہنرمندوں، فلم سازوں اور ہدایت کاروں نے نئی فلموں کی ریلیز کی تیاریاں شروع کردیں۔

واضح رہے کہ کورونا کی وَبا کی وجہ سے کئی نئی فلمیں ریلیز نہ ہوسکی تھیں۔ اب 2022ء میں ایسا لگ رہا ہے کہ سنیما گھر کم پڑ جائیں گے، کیوں کہ 2022ء میں درجنوں فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔ ان میں وہ فلمیں بھی شامل ہیں، جو دو چار برس سے ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ رواں برس بڑے بجٹ کی فلم ’’مولاجٹ دی لیجنڈ‘‘ کی ریلیز کا سب کو بے چینی سے انتظار ہے۔ اس فلم کی وجہ سے سنیما گھروں کی رونقیں پھر سے بحال ہوسکتی ہیں، کیوں کہ سپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان کی جوڑی پہلی مرتبہ سنیما اسکرین پر جلوے بکھیرے گی۔

مولاجٹ کے روپ میں فواد خان اور نوری نت کے کردار میں حمزہ علی عباسی نظر آئیں گے۔ رواں برس ٹیلی ویژن اور فلم کی سپر اسٹار ماہرہ خان کی تین چار فلمیں ریلیز ہونے کی توقعات کی جارہی ہیں۔ مولاجٹ دی لیجنڈ کے علاوہ ماہرہ خان کی ایک اور بڑی فلم ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ بھی ریلیز ہوگی، جس میں وہ نئی نسل کے مقبول فن کار فہد مصطفیٰ کے مدِ مقابل بھی پہلی بار سلور اسکرین پرنظر آئیں گی۔ ہدایت کار نبیل قریشی اور فلم پروڈیوسر فضہ علی میرزا کو ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ سے بڑی امیدیں اور توقعات وابستہ ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یہ فلم عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

فلموں اور ڈراموں کے سپر اسٹار ہمایوں سعید بھی نئے سال پر اپنی نئی فلم ’’لندن نہیں جائوں گا‘‘ کو جلد مکمل کرکے ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کا کچھ کام ابھی باقی ہے۔ ہدایت کارندیم بیگ کی اس فلم میں ہمایوں سعید کے ساتھ مہوش حیات ایک مرتبہ پھرہمایوں کے ساتھ نظر آئیں گی،قبل ازیں مہوش حیات اور ہمایوں کی جوڑی کو ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’’دل لگی‘‘ اور فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔ ’’جوانی پھر نہیں آنی ٹو‘‘ کی ہیروئن کبریٰ خان بھی مہوش حیات کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

دوسری جانب معروف پروڈیوسر اور اداکار شایان خان کی فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ بھی نئے سال میں ریلیز کی جائے گی، اس فلم کے ہدایت کار فیصل قریشی ہیں ، جب کہ فن کاروں میں ماہرہ خان، فواد خان، میکال ذوالفقار، عائشہ عمر کے علاوہ کرکٹ کی دنیا کے سب سے مقبول کرکٹروسیم اکرم اپنی بیگم کےساتھ دل چسپ کردار میں نظر آئیں گے، اس فلم کو بھی بڑے بجٹ کی فلم کہا جارہا ہے۔

ایکشن، تجسس اور ڈرامے سے بھرپور فلم ’’گھبرانا نہیں ہے‘‘ بھی جیو فلمز کے پلیٹ فارم سے نئے سال پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں باصلاحیت اور خُوب صورت فن کار صبا قمر منفرد کردار میں نظر آئیں گی، ان کے ساتھ ٹیلی ویژن کے اداکار زاہد احمد مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے، یہ فلم بھی اپنے نام کی طرح دل چسپ اور سپر ہٹ ثابت ہوگی، کیوں کہ جیو فلمز جس فلم کو بھی ریلیز کرتا ہے، اس میں چار چاند لگا دیتا ہے۔ فلم کی پروموشن عمدہ انداز میں کی جاتی ہے۔

صبا قمر کی ایک اور فلم ’’کملی‘‘ بھی نئے سال پر ریلیز ہوگی، اس فلم کے ہدایت کار سرمد کھوسٹ ہیں، جو ’’منٹو‘‘جیسی سپر ہٹ فلم ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔ سرمد کھوسٹ کی ایک اور فلم ’’زندگی تماشا‘‘ بھی ریلیز کے لیے تیار ہے، جسے ماضی میں پاکستانی سنیما گھروں ریلیز کے لیے روک دیا گیا تھا۔ ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رئوف نے فلم ’’کراچی سے لاہور‘‘ بنا کر سنیما کلچر کو پروان چڑھایا تھا، اب ان کی نئی فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ ریلیز ہونے جارہی ہے۔ فلم کا ٹریلرریلیز کردیا گیا ہے۔

کاسٹ میں معروف اداکارہ ہانیہ عامر اور علی رحمن خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کے نام سے پاکستان میں پہلے بھی ایک سپر ہٹ فلم بن چکی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ ہلکی پھلکی مزاحیہ فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ نئے سال پر کیا رنگ لاتی ہے۔ مُحب مرزا کا نام ٹیلی ویژن اور فلموں کے حوالے سے مقبول ہے۔ محب مرزا اور ٹیلی ویژن ڈراموں کی معروف اداکارہ صنم سعید فلم ’’عشرت میڈ ان چائنا‘‘ میں مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے، اسی طرح سپر اسٹار احسن خان کی دو فلمیں ’’چکر‘‘ اور رہبرا‘‘ بھی نئے سال پر ریلیز ہوں گی۔ احسن خان فلم ’’چکر‘‘ میں نیلم منیر کے ساتھ سلور اسکرین پررنگ بکھیریں گے، اُمید ہے نیا سال پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے کام یاب ثابت ہوگا۔

(لے آئوٹ آرٹسٹ شاہدحسین)