• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بیگمات کے کاروبار میں شوہروں کا بڑا ہاتھ ہے

کہا جاتا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن بالی وڈ ستاروں کی بیگمات کے کامیاب کاروبار میں ان کے شوہر حضرات کا بڑاہاتھ ہے، بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اگر وہ نہ ہوتے تو ممکن ہے کہ ان کی بیگمات کو کسی بھی کاروبار میں ایڑی چوٹی کا زور لگانا پڑ جاتا۔ 

ان میں سے کئی شریک سفر شوہروں کے ساتھ قدم سے ساتھ قدم ملا کر چل رہی ہیں۔ ذیل میں چند کامیاب بیگمات کے کاروباری سفر کے بارے میں ملاحظہ کریں۔

گوری خان

شاہ رخ خان سے شادی کے بعد گوری خان ایک عام سی گھریلو بیوی کے روپ میں فلمی تقریبات میں نظر آتی تھیں۔ وقت نے کروٹ لی اور فلم نگری سے جڑی ہر چیز کمرشل ہونے لگی تو بالی وڈ کے بادشاہ کی رانی نے بھی اپنا نیا رنگ دکھایا۔ گوری کے دل میں یہ خیال اُبھرا کہ اب وہ بھی اپنی پہچان بنائیں۔

اسی بنا پر شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چیلیز انٹریٹمنٹ‘ میں شراکت داری کرتے ہوئے گوری خان نے کئی فلموں کے لیے سرمایہ کاری کی۔ ان فلموں میں ،’’ میں ہوں ناں، چنائے ایکسپریس، رئیس اور جوان‘‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔ کامیابی کا یہ سفر ایک مقام پر تھما نہیں بلکہ گوری خان نے کاروبار کو پھیلاتے ہوئے انٹرئیر ڈیزائنگ کے شعبے میں بھی قدم رکھا۔

ممبئی کے مہنگے ترین علاقے میں ان کا شو روم ہے جہاں سے وہ مال دار شخصیات اور بالی وڈ ستاروں کے محلات کو نیا رنگ روپ دینے میں مصروف رہتی ہیں۔ گوری خان نے رنبیر کپور، سدھارتھ ملہوترہ، کرن جوہر اور عالیہ بھٹ جیسے ستاروں کے گھروں کے اندرونی حصوں کو اپنی مہارت سے دیدہ زیب اور حسین بنایا ہے۔

وہ تقریباً گذشتہ 10 سال سے اس کاروبار سے منسلک ہیں اور اس وقت وہ ایک کامیاب بزنس وومن تسلیم کی جاتی ہیں۔ 2023 کے اعداد و شمار کے مطابق، گوری خان کے اثاثوں کی مالیت 1600 کروڑ انڈین روپے رہی۔

ٹوئنکل کھنہ

راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی اور اکشے کمار کی شریک سفر ٹوئنکل کھنہ نے شادی کے بعد فلمی دنیا سے تو کنارہ کشی اختیار کر لی لیکن انہوں نے سوچا کہ کچھ کیا جائے۔ ٹوئنکل کھنہ کو صرف شوہر نہیں بلکہ والدین کے نام کا بھی سہارا حاصل تھا۔ انہوں نے اپنے پروڈکشن ہاؤس ’مسز فنی بونز موویز‘ کی بنیاد ڈالی۔ جس کے ذریعے انہوں نے بھارتی قومی ایوارڈ یافتہ ’پیڈ مین‘ کے لیے سرمایہ لگایا۔

ٹوئنکل کھنہ کہہ چکی ہیں کہ اپنے بینر تلے خواتین کے مسائل کا احاطہ کرتی فلمیں تخلیق کریں گی۔ اسی سلسلے کی پہلی کڑی ’پیڈ مین‘ تھی۔ یہی نہیں ٹوئنکل کھنہ پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ کالم نگار اور مصنفہ بھی ہیں۔

ان کی دو کتابیں ’مسز فنی بونز‘ اور ’دی لیجنڈ آف لکشمی پرشاد‘ فروخت میں ریکارڈ بنا چکی ہیں، جب کہ ان کی لکھی ہوئی دیگر کتابیں بھی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو چکی ہیں۔ ٹوئنکل کھنہ مختلف اشتہارات میں بھی کام کرتی ہیں۔ ان کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 30 ملین ڈالرز بتائی جاتی ہے۔

شوبھا کپور

ماضی کے شہرت یافتہ اداکارہ جیتندر کی شریک سفر شوبھا کپور تو ایک طویل عرصے سے کامیاب بزنس ویمن ہیں ،ان کی دیکھا دیکھی ان کی بیٹی ایکتا کپور بھی ان کے ہم پلہ ہو گئیں۔ شوبھا اور ایکتا کپور نے اس وقت پروڈکشن میں قدم رکھا جب بھارت میں سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کی آمد ہوئی۔

بالا جی ٹیلی فلمز کے نام سے انہوں نے کئی ڈرامے تخلیق کیے جنہوں نے بھارت میں ڈراما سازی کو ایک نئی پہچان دی۔شوبھا کپور تو اس وقت پس پردہ چلی گئی ہیں اور اب ان کی جگہ ایکتا کپور نہ صرف ڈرامے بنا رہی ہیں بلکہ فلموں کے ساتھ ساتھ ویب سیریز بھی تخلیق کر رہی ہیں۔

نتاشا دلال

ڈیوڈ دھون کے بیٹے ورن دھون کی اہلیہ نتاشا دلال نےنیویارک کے فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے گریجویشن کیا۔ شادی کرنے کے بعد کچھ عرصے تک وہ بھی ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھی رہیں لیکن پھر خیال آیا کہ غیر ملکی انسٹی ٹیوٹ سے حاصل ہونے والی فیشن کی ڈگری کا فائدہ اٹھایا جائے۔اسی بنا پر انہوں نے ’نتاشا دلال‘ کے نام سے ملبوسات کا برینڈ متعارف کرایا۔

نتاشا اس وقت مختلف فلمی اور دولت مند شخصیات کے عروسی ملبوسات تیار کرتی ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ان کا ایک ایک عروسی قیمتی جوڑا لاکھوں روپے کا فروخت ہوتا ہے۔15 کروڑ بھارتی روپے کے اثاثے رکھنے والی نتاشا کے ممبئی کے علاوہ بھارت کے کئی بڑے شہروں میں آؤٹ لیٹس ہیں۔

مانا شیٹی

ماضی کے ایکشن ہیرو سنیل شیٹی کی بیوی مانا شیٹی بھی دیگر بیگمات کی روش پر گامزن ہیں اور ’مانا اینڈ آشا‘ کے نام سے مہنگے اور قیمتی ملبوسات ڈیزائن کرتی ہیں۔ مانا نے صرف اسی پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ وہ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے بھی منسلک ہیں اورضرورت مند بچوں کی فلاحی اور سماجی خدمات انجام دینے کے لیے ہر وقت کوشاں رہتی ہیں ، اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک این جی او بھی بنا رکھی ہے۔ بھارت میں انہیں ’لیڈی امبانی‘ کہا جاتا ہے۔

ماہیپ کپور

انیل اور بونی کپور کے سب سے چھوٹے بھائی سنجے کپور کی اہلیہ ماہیپ کپور زیورات کے کاروبار سے جڑی ہوئی ہیں۔ دیدہ زیب اور نفیس کاموں والے طلائی اور چاندی کے زیورات تیار کر کے خوب سرمایہ اکٹھا کرتی ہیں، صرف یہی نہیں بلکہ ماہیپ کپور نے فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر کے ساتھ شراکت دار کرتے ہوئے زیورات کا برینڈ ’تایانی‘ پیش کیا ہے۔ماہیپ بالی وڈ کی کئی اداکاراؤں کے لیے طلائی اور چاندی کے خوبصورت زیورات تیار کرتی ہیں۔

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید