• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جگمگاتی دنیا میں ’’ڈرامے‘‘ ہی ڈرامے

انٹرٹینمنٹ کی دُنیا میں پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ نے 2024 ء میں بھی اپنی بادشاہت کو برقرار رکھا۔ اس برس بھی ایک سے بڑھ کر ایک اور شاندار ڈرامے پیش کرکے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ کئی قابلِ ذکر اور انمول ڈرامے پیش کئے گئے جنہوں نے دقیانوسی تصورات کو توڑ کر اپنا منفرد مقام بنایا۔ 

یوں تو جیو ٹی وی کا ہر ڈرامہ ناظرین میں اپنی مثال آپ تھا لیکن پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی زیر نگرانی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی پروڈکشن میں تیار کئے گئے سیریلز نے اپنی غیر معمولی کہانی، جاندار کردار اور اعلیٰ معیار کی ڈائریکشن کے ذریعے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنایا۔

پاکستان کے 13 ڈرامے ایسے ہیں جو ”ون بلین“کلب کا حصہ ہیں اور جیو کیلئے یہ بھی بہت بڑا اعزاز ہے کہ 13 میں سے 8 ڈرامے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے تخلیق کردہ ہیں جن کا تعلق ”جیو ٹیلی ویژن“ سے ہے۔ 

اپنے ڈراموں میں معاشرے کے مختلف رنگوں کی مختلف کہانیاں دکھائیں۔ محبت، نفرت، انتقام، درد، تجسس، حب الوطنی اور سماجی مسائل کے گرد گھومتے موضوعات نے اس برس بھی مقبولیت کے ریکارڈ توڑ کر نئی مثالیں قائم کیں۔ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ”یو ٹیوب“ سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی ”جیو ٹی وی“ کے ڈرامے چھائے رہے اور عالمی سطح پر خوب پذیرائی حاصل کی۔ کئی سیریلز نے بے پناہ مقبولیت حاصل کرکے ریٹنگ چارٹ پر بھی اپنا قبضہ جمائے رکھا۔ 

2024 میں شروع ہونے والے کچھ ڈرامے تو لوگوں کے دِل و دماغ پر اپنے نقش چھوڑ کر اختتام کو پہنچ گئے لیکن کچھ اَب بھی اپنی آب و تاب کے ساتھ نشر کئے جارہے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اِن ڈراموں کی کہانی کا اختتام دیکھنے کی شدت سے منتظر ہے۔ ذیل میں اِن ڈراموں کی تفصیل نذر قارئین ہے۔

”خئی“

سیونتھ اسکائے اینٹرٹینمنٹ کا ماسٹر پیس سیریل ”خئی“ نے مقبولیت کی انتہا کو چھوا۔پروڈیوسرز عبدللہ کادوانی اور اسد قریشی نے ایک طرف تو حسین وادیوں کی دلکش منظر کشی کی تو دوسری طرف سنگ دل روایات کو بھی سیریل کا موضوع بنایا۔ ڈرامے میں سنسنی ایکشن دکھائے گئے۔ میگا اسٹار کاسٹ کے ساتھ یہ ڈرامہ بین الاقوامی معیار کی عکس بندی کے ساتھ منظر عام پر لایا گیا۔ ڈرامے کی جھلکیاں دیکھنے والے کئی روز تک اس سیریل کو جلد از جلد اسکرین پر دیکھنے کے منتظر نظر آئے۔ 

ثقلین عباس کے قلم سے تحریر کی گئی کہانی میں ایک ظالمانہ رسم پر مشتمل داستان دکھائی گئی جسے سید وجاہت حسین کی ہدایات میں عکس بند کیا گیا۔ کاسٹ میں فیصل قریشی، در فشاں سلیم،خالد بٹ، صبا فیصل، نور الحسن، لیلیٰ واسطی، حنا بیات، شجاع اسد،اسامہ طاہر اور ماہ نور کے ہمراہ ساتھی فنکاروں نے اپنی جاندار اداکاری سے ایکشن سے بھرپور سچویشن میں شائقین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ 

ڈرامے کے او ایس ٹی کی صورت موسیقار نوید ناشاد کی کمپوزیشن میں صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کی زیب بنگش کی آواز میں آہ و فغاں،بربریت اور ظلم کے سامنے بنتی دکھائی دی۔ اپنی روایت سے ہٹ کر ایک دلچسپ موضوع کے ساتھ تخلیق پانے والی سیریل نے تسلسل کے ساتھ ریٹنگ چارٹ پر اپنی برتری قائم رکھی۔ 

سیکنڈ لاسٹ ایپیسوڈ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر نمبر ون ٹرینڈ کیا۔ ناظرین نے فیصل قریشی، درفشاں سلیم اور خالد بٹ کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔ اس ڈرامے اہم کردار خالد بٹ جیسے فنکار کی حقیقی موت کا صدمہ بھی دیکھنے والوں کی آنکھوں کو نم کر گیا تھا، جو اس سیریل کی ریکارڈنگ مکمل کرنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ جیو کا یہ ڈرامہ بھی ناظرین کیلئے یادگار بن گیا۔

’’جان نثار‘‘

سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تخلیق پانے والے ڈرامہ سیریل ”جان نثار“ نے اپنی پروموشن کی جھلک سے ہی تہلکہ مچادیا تھا۔ سحر انگیز کہانی ریحانہ آفتاب کے قلم کی جادوگری تھی جسے دلکش اور حسین منظر کشی کے ساتھ محسن مرزا کی ہدایات نے خوب صورت پیرائے میں ڈھالا۔ ڈرامے کی کاسٹ میں محمود اسلم، حنا بیات، ساجد حسن، حبا علی، ہارون شاہد اور دیگر شامل تھے۔ دانش تیمور اور حبا بخاری کی کیمسٹری نے بھی ڈرامےمیں جان ڈال دی۔ 

پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی محبت بھری داستان نے کہانی کے دوران ایسی کروٹیں لیں کہ ناظرین جم کر دیکھنے میں مجبور ہوگئے۔ ”جان نثار“ نے یوٹیوب پر تیز ترین دو ارب ویوز حاصل کرکے اپنے سر پر ریکارڈ کا نیا تاج سجایا۔ 7 ڈرامہ سیریلز میں جان نثار، فتور، فاسق، کفارہ، سیانی اور رنگ محل کے علاوہ ”خدا اور محبت“ اور ”تیرے بن“ مجموعی طور پر تین بلین سے زائد ویوز کے حامل ہیں جن کا اب بھی کوئی مقابل نہیں۔

یوں پاکستان کا سب سے زیادہ سبسکرائبڈ اور سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر نمبر ون چینل ”ہر پل جیو“ انٹرٹینمنٹ کی انڈسٹری پر شہنشاہ کی طرح سے براجمان رہا۔ اس سے قبل تیز ترین ون بلین ویوز حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی جیو کے اس ڈرامہ سیریل کے پاس ہی ہے۔

’’کفارہ‘‘

2024 کی برسات کی آمد کے ساتھ شائقین جیو کے نگاہوں کو خیرہ کرنے والی نئی ڈرامہ سیریل ”کفارہ“ کی اسکرین پر انٹری ہوتے ہی ناظرین کے دِل کے تار کی گھنٹیاں بج گئیں۔ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے۔

اس سیریل کو شافعہ خان نے اپنے قلم سے تراشا،جب کہ محمد افتخار اِفی کی ہدایات نے اِنتہائی دلکشی کے ساتھ کہانی کو عکس بند کرکے کرداروں کو یکجا کیا۔ ”کفارہ“کی متاثر کن کہانی نے انسانی زندگی کے نشیب و فراز، احساسات اور رشتوں کی پیچیدگیوں کو گہرائی سے بیان کیا۔ 

یہ سیریل اپنی منفرد کہانی، جان دارداکاری اور معیاری پروڈکشن کی بدولت ناظرین میں مقبول ہوئی۔ شائقین کو سالار اور ستارہ کی کیمسٹری بہت پسند آئی۔ ستارہ اور سالار کی ہمدردی، دِل لگی، نفرت، حسد اور بے رحمی کے داؤ پیچ سے اُلجھی کہانی میں صابرظفر کے لکھے گئے گیت میں شانی ارشد کی کمپوزیشن اور آواز میں بکھرے ہوئے تعلقات کی جھلک نظر آئی۔ 

ڈرامے کی اسٹار کاسٹ میں عثمان پیر زادہ، راشد فاروقی، عینی زیدی، عالیہ علی، نازلی مرزا، یاسر شورو، زویا ناصر اور دیگر ساتھی فنکارشامل تھے۔ جیو کے اس سیریل نے بھی جیو کے ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر تاریخی کامیابی حاصل کی اور صرف 60 دن میں ون بلین ویوز ناظرین کی پسندیدگی کا اظہار ہے۔ 

زیادہ تر شائقین نے ڈرامے کی آخری قسط کو بہت پسند کیا۔ تاہم، بہت سے مداحوں کو سالار اور ستارہ کی محبت کے افسوسناک انجام کی توقع تھی، رومانوی کہانی دیکھ کر ناظرین نے اس طرح کے مزید ڈرامے سامنے لانے کی درخواست بھی کی۔

’’شدت ‘‘

زنجبیل عاصم شاہ نے اپنی تحریر کے ذریعے اس کہانی میں محبت کے نام پر ہونے والی حاکمیت کا نقاب اُٹھایا۔ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے ’’ شدت‘‘ کو اس طرح اسکرین پر دکھایا کہ لوگوں نے تعریف کے پل باندھ دیئے۔ کاسٹ میں منیب بٹ، انمول بلوچ، منشا ملک، عصمت زیدی، ارم اختر، نورالحسن، شمیل خان، حبا علی خان، زین افضل، فجرخان، سہیل مسعود، نمرہ شاہد اور سمیع خان شامل تھے۔

ڈرامہ کی کہانی اسری نامی لڑکی کے گرد گھومتی رہی ، جو ایک تعلیم یافتہ اور خوشحال گھرانے سے تعلق رکھتی ہے، جب کہ اس کا شوہر سلطان اپنے نفسانی اور زہریلے رویے کی وجہ سے شادی کو خراب کردیتا ہے۔ سیریل میں کئی اونچ نیچ دکھائے گئے۔ سیریل کے اختتام تک ناظرین اس ڈرامے کی کہانی سے جڑے رہے۔

’’سن میرے دِل ‘‘

منفرد اور خوبصورت موضوع کے ساتھ ناظرین کے ذوق کی تسکین کیلئے تشکیل دی گئی معرکۃ الآرا عشق کی داستان ”سن میرے دِل“ نے ہر ناظر کو اپنا دیوانہ بنایا۔ معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے قلم سے لکھی گئی تحریر کو حسیب حسن کی ہدایات نے کرداروں کے جذبات کو زباں بخشی۔ اسٹار کاسٹ میں سید محمد احمد، صبا حمید، اسامہ خان، حرا مانی، امر خان اور شاہ ویر کادوانی کے ہمراہ ساتھی فنکاروں کی جاندار اداکاری نے وہاج علی اور مایا علی کی دلفریب کیمسٹری کو چار چاند لگا دیئے۔ 

قمر ناشاد کے لکھے گئے خوبصورت گیت کو نوید ناشاد کی سحر انگیز کمپوزیشن میں استاد راحت فتح علی خان کی آواز کا جادو لئے ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی نے دیکھنے والوں کو بے چین کئے رکھا۔ پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے تخلیق کردہ دلچسپ اور حسین ماسٹر پیس نے عشق کی نئی منزلوں کا سفر طے کیا۔ 

عشق و محبت پر مبنی سیریل کی کہانی نے کئی موڑ لئے،جس سے ناظرین میں تجسس بڑھتا رہا۔ کہانی نئے موڑ کھاتی ہوئی ایک ایسی ڈگر پر آگئی جہاں کروڑں لوگ محبت کی جوڑی کو ایک بار پھر یکجا دیکھنے کے خواہش مند نظر آئے تو اتنے ہی لوگوں نے ایسی محبت کو دوسروں کیلئے سبق آموز بنا کر دکھانے کی درخواست کی، بہرحال ڈرامے کا اختتام کیسے ہوا ناظرین کو یہ دیکھنے کیلئے ”سن میرے دِل“ دیکھنا ہوگا۔

’’داؤ‘‘

رشتوں پر دولت کو ترجیح دینے کی کہانی ”داؤ“ نے ریٹنگ چارٹ پر خوب رنگ جمایا۔ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے اس سیریل میں ناظرین نے دیکھا کہ خود غرضی اور اچھے برے کی تمیز کھو کر دولت کا حصول کس طرح چھین لیتا ہے زندگی کا سکون کہانی ثمینہ اعجاز نے قلم بند کی ۔کاسٹ میں شامل ہارون شاہد، کرن حق، عارز احمد، عائشہ راجپوت کے ہمراہ منجھی ہوئی اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے الماس کے کردار کو علی اکبر کی ہدایات میں بہت ہی خوبصورتی سے نبھایا۔ 

یہ سیریل نصیحت تھی ایسے کرداروں کیلئے جو دولت کے حصول کیلئے معیار کو نظر انداز کرکے اپنی اولاد کیلئے خوشیاں خریدنا چاہتے ہیں لیکن جب یہ خوشیاں غم میں ڈھل کر مکافات کی صورت لوٹتی ہیں تو کس طرح زندگی کا سکھ چین چھین لیتی ہیں، اس سیریل کو عوام نے خوب داد دی۔

’’ہابیل قابیل ‘‘

ہابیل اور قابیل نے ”جیو ٹی وی“ کے سیریلز میں خوب شہرت کمائی۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن میں تیار کئے گئے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے اس سیریل کی کہانی 2 بھائیوں حارث اور قادر کے گرد گھومتی رہی۔

لکھاری زنجابیل عاصم شاہ ہیں۔ کاسٹ میں آغا علی، یشما گل، اسد صدیقی، نول سعید، محمود اسلم، ندا ممتاز، اریشا رازی، ضیا گورچانی، بینا چوہدری اور شبانہ شیخ نے یادگار پرفارمنس دی۔ عاصم رضا کی شاعری میں ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کو ساحر علی بگا نے اپنی آواز اور کمپوزیشن سے نکھارا۔ ہدایتکاری معروف ہدایت کار ابیس رضا نے کی ہے۔

’’بے حد‘‘

ڈرامہ سیریل ”بے حد“ نے پہلی ہی قسط سے ناظرین کو بے حد بے قرار کیا۔ اس سیریل میں محبت، ضد، عناد اور خوشیوں کے سنگسار ہونے کے مختلف پہلو دکھائے گئے۔ رخسانہ نگار کے قلم کا انتخاب ناظرین کو پسند آیا۔ کہانی نے پروموشن کے فیز سے ہی خوب دھوم مچائی۔ سید رامش رضوی کی ہدایات میں یکطرفہ محبت کے جنون نے کیسے چھین لیا سکون؟۔ اس دِل چھولینے والی کہانی میں ناظرین ڈوبے دکھائی دیئے۔ 

سیریل کی اسٹار کاسٹ میں شامل روبینہ اشرف، شہریار زیدی، ہمایوں اشرف، زینب قیوم، بینش چوہان، کامران جیلانی اور ساتھی فنکاروں کے ہمراہ مدیحہ امام اور عفان وحید کی کیمسٹری کو بھی بے حد پسند کیا گیا۔ صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو شانی ارشد نے اپنی آواز اور کمپوزیشن کے ساتھ ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت دِل آویزبنایا۔ سیریل نے اپنے اختتامی لمحات میں ہر جگہ مقبولیت کی دھاک بٹھادی۔

’’توبہ‘‘

ڈرامہ سیریل ”توبہ‘‘ کی کہانی ہما حنا نفیس نے لکھی، سید فیصل بخاری کی ہدایات نے دلکش بنایا۔ ڈرامے کی اسٹار کاسٹ میں میکال ذوالفقار، مومنہ اقبال، محسن عباس حیدر، رائد محمد عالم، علی زید، کنزہ ملک، شائستہ جبین، سحرش احمد، محسن گیلانی، فرحان لعی آغا، میمونہ قدوس، فاطمہ شہرزادے پیر زادہ، شازیہ گوہر، کامران جیلانی، فیصل شہزاد، محبوب سلطان، سہیل خان، شریف بلوچ، سہیل مسعود، افشاں صابری، فیصل بالی اور دیگر نے اپنے کرداروں سے جان ڈالی۔ 

صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو شانی ارشد نے اپنی گائیکی اور سنگیت کے ساتھ ڈرامے کے او ایس ٹی کی صورت تخلیق کیا۔ پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی تھے۔ اس سیریل میں بھی لوگوں نے کئی نشیب و فراز دیکھے۔

’’ آفت‘‘

ڈرامہ سیریل ”آفت“ کا پریمیئر بہت شاندار تھا۔ ناظرین نے پہلی ہی قسط سے اس کی کہانی پر نظریں جمائیں رکھیں۔ صوفیہ خرم کے قلم سے لکھی گئی کہانی نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا جب کہ علی اکبر کی ہدایات میں اِنتہائی دلکشی کے ساتھ عکس بند کیا گیا ہے۔

مرکزی کرداروں میں لائبہ خان اور علی عباس، صاحبہ افضل، سہیل سمیر، نازلی نصر، سلیم معراج، حبا عزیز، عدنان جعفر، عائشہ گل، یاسر شورو، منور سعید، صبیحہ ہاشمی، کامران جیلانی، عذرا محی الدین، فرح نادر، ماریہ گل اور دیگر شامل تھے۔ 

صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو رچل جانسن کے ہمراہ اپنی آواز اور کمپوزیشن سے شانی ارشد نے او ایس ٹی کی صورت نہایت خوبصورتی سے ترتیب دیا۔ محبت کے بندھن اور رنجشوں کو دیکھ کر ناظرین عش عش کر اُٹھے ،اُس سیریل کو بھی بہت زیادہ پذیرائی ملی۔

’’عشق ہوا‘‘

ڈراما سیریل کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی ہیں۔ دوسری طرف نوجوان اور باصلاحیت اداکار ہارون کادوانی، کومل میر، سحر ہاشمی اور سہیل سمیر نے سیریل میں اہم کردار ادا کئے۔ ڈراما سیریل کی ہدایات سید وجاہت حسین نے دیں، جنہوں نے ڈراما سیریل خئی کی ہدایتکاری سے بھی شہرت پائی تھی۔ ہارون کادوانی اور کومل میر کی ڈراما سیریل ’عشق ہوا‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی ناظرین اس کہانی کو دیکھنے کیلئے بے قرار ہوگئے۔

نوراں مخدوم کے قلم سے لکھی گئی عشق کی اس داستان نے منظرعام پر آتے ہی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ اس سیریل میں دکھائے جانے والے ایکشن، جنون اور دیوانگی کا چرچا ہونے لگا۔ 

ہارون کادوانی اور کومل میر کی جوڑی کے منتظر شائقین کو سید وجاہت حسین کی ہدایات میں ایک آگ کے دریا سے گزرنا تھا۔ یوں اس سیریل کو بہت ہی اعلیٰ انداز سے عکس بند کیا گیا۔ سہیل سمیر، سحر ہاشمی، فضیلہ قاضی، رمیز صدیقی، شہزاد مختار، سلیم معراج اور ساتھی فنکاروں کی جاندار اداکاری نے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنالیا۔

دوسری طرف وجیہ فاروقی نے اپنے لکھے گئے گیت کو اپنی آواز اور ترون کے ہمراہ سحر انگیز کمپوزیشن کے ساتھ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت ہر محبت کرنے والے کے دِل کے تار چھڑ دیے اور پھر لوگ اس کی اقساط میں گم ہوتے چلے گئے۔ 

ڈرامے کی کہانی اپنے اختتامی موڑ پر آئی تو لوگ مایوس نظر آئے کیونکہ وہ اس سیریل میں دکھائی جانے والی کہانی سے بہت زیادہ لگاؤ رکھتے تھے۔ ایک موقع ایسا بھی آیا جب سیریل کے کلائمکس نے ناظرین کو خوب جذباتی کردیا۔ جیو کا یہ سیریل بھی لوگوں کے ذہنوں پر اپنے اَن مٹ نقوش چھوڑ گیا۔

’’دِل نادان‘‘

سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تخلیق کی گئی ڈرامہ سیریل ”دلِ نادان“ کی دلچسپ کہانی ایک ایسی سادہ لڑکی کے گرد گھومتی رہی جسے قسمت ”محبت“ کا مان دینے والی ہے مگر سادگی میں کئی نادانیوں کے انبار اس کا رشتوں سے اعتبار مشکل میں ڈال دیتے تحریر سعدیہ اختر کے قلم کی ہے ،کرداروں کو صائمہ وسیم کی ہدایات نے مزید جاذب نظر بنادیا۔ کاسٹ میں میکال ذوالفقار، اَمرخان، کاشف محمود، علی عباس، عظمیٰ حسن، فجر خان، سیمی راحیل کے ہمراہ دیگر ساتھی فنکار شامل ہیں۔ 

صابر ظفر کے لکھے گئے گیت کو شانی ارشد نے اپنی آواز اور کمپوزیشن سے او ایس ٹی ترتیب دے کر مزید نکھار دیا۔ مزاج کی سادگی اور انداز کا بھول پن جہاں زاویار کے دل کو بھائے گیا وہیں محبت کا یہ رخ کئی کرداروں کے جلن کا سبب بھی بنا۔ 

پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی محبت کی نادانیوں کو ستائش اور مہربانیوں کو کیسے کرایا روشناس، یہ سب ناظرین نے اس سیریل میں انٹرٹینمنٹ کے شائقین کی دلچسپیوں کیلئے ”جیو ٹی وی“ سے ایک نئے ڈرامے کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کا نام ہے ”گرہیں“۔ یہ ڈرامہ بھی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی تخلیق ہے جسے اِس بار ایک نئی جہت سے تراشہ گیا ہے۔ ڈرامے کی کہانی عمران نذیر کی تحریر ہے جبکہ دلکش عکس بندی کے ساتھ کرداروں کو سلیم گھانچی کی ہدایات نے مزید نکھار دیا ہے۔ 

کاسٹ میں بہروز سبزواری، شہریار زیدی، عذرا محی الدین، بینا چوہدری، ہشام خان اور سحر افضل کے ہمراہ ساتھی فنکار شامل ہیں۔ یہ دلچسپ کہانی ایک ہونہار اور اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ اس کی مرکزی کردار نمبرہ کے گرد گردشوں کا طوفان اُٹھانے والی ہے۔ ایس کے خلش کی شاعری کو ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت ساحر علی بگا نے اپنی آواز اور کمپوزیشن کے ساتھ دِل نشین بنادیا ہے۔ 

وجاہت اور نمرہ کی محبت میں حسد کے ساتھ جادو کی ”گرہیں“ ڈالنے والے کردار کیسے ہوں گے بے نقاب۔ پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی اس گرداب سے کیسے دلائیں گے معصوم نمرہ کو نجات؟ یہ سب ناظرین نئے سیریل ”گرہیں“ میں دیکھ رہے ہیں جو اس وقت بھی ”جیو ٹی وی“ سے پیش کیا جارہا ہے۔

یحییٰ

ایک نئے اور منفرد موضوع کا انتخاب لئے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کیا گیا نیا ڈرامہ سیریل ”یحییٰ“ نے پہلی ہی قسط سے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔ بھر پور کہانی میں ناظرین منتوں اور مرادوں سے پروان چڑھنے والے اکلوتے بھائی کی دِل چھولینے والی کہانی سے محظوظ ہوتے رہے۔ ڈرامے کی اسٹار کاسٹ میں بہروز سبزواری، مرینہ خان، ماہم عامر اور حرا سومرو نے یادگار پرفارمنس دی۔ 

شکیل سہیل کی شاعری ”لمحوں میں جینا سکھادو“ کو ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی“ کی صورت احمد علی کی گائیکی کے ساتھ سرمد غفور نے تخلیق کیا ہے۔ معاشی حالات، معاشرتی پابندیاں ”یحییٰ“ کے خواب سب ہی کچھ پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے اس سیریل میں دکھایا گیا۔ ڈرامہ ناظرین کے بے پناہ مقبولیت سمیٹ کر گذشتہ دِنوں اختتام پذیر ہوگیا۔

’’فلمز اور ڈرامہ پروڈکشن ‘‘میں معاونت کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے نیا بورڈ تشکیل

دسمبر 2024 ءمیں محکمہ اطلاعات حکومت سندھ نے فلمز اینڈ ڈرامہ پراڈکشن بورڈ قائم کر نے کا اعلان کیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق نیا تشکیل دیا جانے والا بورڈ فلم اور ڈرامہ پروڈکشن اور اس شعبے سے منسلک لوگوں کی معاونت کرے گا، ثقافتی نمائندگی و تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار بھی ادا کرے گا۔ 

سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی جانب سے فلم اور ڈرامہ پراڈکشن بورڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے کہ حکومت سندھ صوبے کے گوناں گوں کلچر اور ہمہ گیر تاریخی تہذیب کو اُجاگر کرنے کی خواہاں ہے، محکمہ اطلاعات کی جانب سے نئے ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، فلم اور ڈرامہ کے توسط سے پاکستان خاص طور پر سندھ میں مثبت سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ 

فن و فنکار سے مزید
انٹرٹینمنٹ سے مزید