برف ہٹانے والی مشینوں میں شہریوں نے خود چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا، ذرائع

January 18, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سانحہ مری کے سلسلے میں پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو1122 کا غیر ذمہ دارانہ کردار سامنے آیا ہے، دوسری جانب برف ہٹانے والی مشینوں میں شہریوں نے خود چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا تاکہ برف صاف ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق سانحہ مری کے متاثرہ افراد کی ریسکیو سے رابطے کی ریکارڈنگز سامنے آئی ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہل کار مشکل میں پھنسے افراد کو دیگر اداروں کے نمبر فراہم کرتے رہے، کال ریکارڈز کے مطابق کنٹرول روم میں موجود اہل کار نفری کمی کو جواز بنا کر وقت گزارتے رہے، ریسکیو اہل کار مری کی ایمبولینس بھی ٹریفک میں پھنسنے کی اطلاع دیتے رہے۔ متاثرہ شہری محمد اعجاز خان کے مطابق 7 جنوری کو برفانی طوفان میں ریسکیو اہل کار کسی کی مدد کے لیے نہیں آئے، کلڈ نہ میں فیملی کے ساتھ 20 گھنٹے تک ہم برفباری میں پھنسے رہے، اور ریسکیو 1122 کے ہنگامی نمبر پر 80 سے زائد مرتبہ مدد کے لیے رابطہ کیا۔ اعجاز خان نے بتایا کہ کنٹرول روم کا نمائندہ دیگر سرکاری اداروں کا رابطہ نمبر فراہم کرتا رہا۔ واضح رہے کہ مری میں ہنگامی حالات کے لیے ریسکیو 1122 کے تین ایمرجنسی اسٹیشنز موجود ہیں، ایک اور آڈیو کال منظر عام پر آئی ہے جس میں ڈیزل ڈیپو کے عملے کا ایک شخص بتا رہا ہے کہ برف صاف کرنے والی مشینوں میں ڈیزل نہیں ہے اور شہریوں نے چندہ کر کے ڈیزل ڈلوایا ہے۔