پشاور رورل ڈویژن کا قبضہ گروپوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنیکا فیصلہ

January 18, 2022

پشاور( کرائم رپورٹر) ایس پی رورل ڈویژن نوشیروان علی نے کہاہے کہ قبضہ گروپوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے جائیداد کے تنازعات کے حل کے لئے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کردیا گیاہے ۔گزشتہ روز تھانہ چمکنی میں کھلی کچہری کے موقع پر انہوں نے کھلی کچہری کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ پولیس اور عوام کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنا اولین ترجیح ہے جس کی خاطر تھانوں کی سطح پر کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے اور پرامن معاشرے کے قیام میں عوام کا کردار مسلمہ ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کھلی کچہری میں شامل شرکاء سے جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے اور اپنا قومی فریضہ ادا کرنے پر زور دیا، انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کا فوری حل پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، اس موقع پر ایس پی رورل نے علاقہ میں جرائم پیشہ اور منشیات سمیت دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا، ایس پی رورل نے واضح کیا کہ قیام امن کی خاطر جہاں علاقہ میں اراضی و جائیداد تنازعات کے حل کے لئے جامع اور سنجیدہ کوششوں کا آغاز کیا گیا وہیں قبضہ مافیا عناصر کے خلاف بھی گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے، کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے ایس پی رورل کو درپیش اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا جس کے فوری حل کی خاطر ہدایات جاری کر دیئے گئے ٗ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی چمکنی طیب جان، ایس ایچ او تھانہ چمکنی ہارون جدون سمیت منتخب بلدیاتی نمائندوں، علاقہ عمائدین، سفید ریشوں سمیت سوشل ورکرز اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔