گلشن اقبال میں قتل کے ملزم پولیس اہلکار کی خودکشی یا معاملہ کچھ اور؟

January 19, 2022

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مبینہ چھاپے کے دوران قتل کے ملزم پولیس کانسٹیبل کی خودکشی کے معاملے نے ملزم کی حراست سے متعلق ذرائع ابلاغ پر ایک روز قبل خبر سامنے آنے پر نیا رخ اختیار کر لیا ہے ۔ تاہم کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے انچارج ایس ایس پی عارف عزیز نے سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات سامنے آنے پر متوفی فرزند علی جعفری کے زیرحراست ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔ ذرائع ابلاغ پر خبر آئی تھی کہ کشمیر روڈ پر ماں اور بہن کے سامنے نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ دیگر ملزمان کے تو نہیں مگر پولیس اہلکار فرزند کا نام نمایاں طور پر آچکا تھا اور اس کے ماضی کے جرائم کا بھی حوالہ دیا گیاتھا۔