جنیوا(رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عدیل ممتاز کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی شناخت بدل کر مسئلہ کشمیر حل نہیں کیا جا سکتا،مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیے گئے، کشمیر کی متنازع حیثیت تسلم شدہ ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی تباہی ریاستی سرپرستی میں ہوئی۔ ممتاز کھوکھر نے کہا ہے کہ حقائق کا سامنا کرنے پر بھارت جواب دینے کے بجائے موضوع بدل دیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اصل سوالات غائب ہو جائیں گے، لیکن ایسا نہیں ہو گا۔جنیوا میں عدیل ممتاز کھوکھر نے خطاب کے دوران کہا کہ جموں و کشمیر نہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ کبھی رہا ہے۔