جمعیت میں موروثیت کیلئے دلائل اب بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے‘حافظ حسین احمد

January 19, 2022

کوئٹہ( پ ر)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنماحافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جمعیت پاکستان کے امراء وصدور مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا احمد علی لاہوری، مولاناعبداللہ درخواستی، مولانا حامدمیاں، مولانا سراج احمد دین پوری اور مولانا عبدالکریم آف بیر شریف ودیگر کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرنے والی جے یوآئی پاکستان کو اپنی خاندانی وراثت قراردینے کے لیے اب دلائل دینے کی کوششوں کا آغاز کیا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ جمعیت کو موروثی پارٹی بنا نے کیخلاف اٹھنے والی آوازیں موثر ثابت ہورہی ہیں وہ منگل کو اپنی جامعہ مطلع العلوم میں وفود سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پارٹی کے اندر اپنے پورے خاندان کونوازنے کے جواز کے لیے اب موروثیت کو (نعوذباللہ) انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت بھی قرار دیاگیالیکن دلیل کے طور پر مثال گاندھی، نہرو اور جان کنیڈی خاندانوں کی دی جارہی ہے اس سے اب پوری ”بلی“ تھیلے سے باہر آچکی ہے حالانکہ موروثیت انبیاء کرام علیہم السلام کی نہیں بلکہ مسلم لیگ ن کاطریقہ ہے اور قربت کا اثر توہوتا ہی ہے اس لیے کہا جاتا ہے کہ ”خربوزے کو دیکھ کرخربوزہ رنگ پکڑ تا ہے جمعیت پاکستان میں موروثیت کو پروان چڑھا نے کے لیے ”دیانت فری“ انتخابات کے انعقادکا ڈھونگ رچایاگیا اور اصل دستور اساسی میں مبینہ طور پر ترامیم بھی کی گئیں۔