کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اورنگزیب کاکڑ ایڈووکیٹ،جنرل سیکریٹری میر فہد مینگل ایڈووکیٹ و دیگر کابینہ اراکین نے سید مصور آغا ایڈووکیٹ اور ان کے خاندان پر سندھ پولیس کی سرپرستی میں تشدد، گھر اور شوروم پر حملے و تھوڑ پھوڑ کرنے اور ان کو ناحق حبس بے جا میں رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہےکہ ہم اپنے معزز وکیل کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وکلاء قانون کی بالادستی، آئین کے تحفظ اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ ناروا سلوک نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عدالتی نظام اور جمہوری اقدار پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے۔ ہم سندھ بار کونسل اور کراچی بار ایسوسی ایشن سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ معزز وکیل کا ساتھ دیں اور حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ میں نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔