سی ڈی اے آپریشن ، متعدد تجاوزات گرادی گئیں، اراضی واگزار

January 20, 2022

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر شعبہ انفورسمنٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں اور تجاوزات کنندگان کا 4 ٹرک سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ ایکسپریس وے پر ضیاء مسجد کے مقام سے روڈ کے دونوں اطراف درجنوں غیر قانونی چھوٹے بڑے سٹالز بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرتے ہوئے سرکاری اراضی اراضی واگزار کرالی گئی ۔ سیکٹر جی نائن ٹو میں عوامی گذرگاہ پر 4 غیر قانونی گیراج بھی مسمار کردئیے گئے اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔ سیکٹر جی سیون نزد گلشن مارکیٹ میں سکول کی دیوار کے ساتھ قائم غیر قانونی کارشیڈ اور پرندوں کے 8 پنجرے،سیکٹر ایف سکس فور میں غیر قانونی کمرہ اور ممٹی بھی مسمار کی گئی۔ مارگلہ ٹاؤن فیز ون میں بلڈنگ کنٹرول عملے کی نشاندھی پر ایک گھر میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 2 غیر قانونی کمروں، بری امام کے علاقے لالہ جی سرکار میں غیر قانونی چار دیواری کو گر دیا دیا گیا۔