سندھ ہائیکورٹ، یونیورسٹی روڈ فٹ پاتھ و سروس روڈ بند کرنے پر کارروائی کا حکم

January 22, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے حسن اسکوائر کے اطراف فلیٹس میں گیراج اور فٹ پاتھ پر مچھلیوں کی دکانیں کھولنے کے خلاف درخواست پر اینٹی انکروچمنٹ سیل، ایس بی سی اے کو فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔ جمعہ کو درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار نے کہا کہ حسن اسکوائر یونیورسٹی روڑ کی فٹ پاتھ پر مچھلیوں کے اسٹال لگا دیئے گئے۔ سروس روڑ اور فٹ پاتھ عام لوگوں کے لئے بند کردی گئی۔ حسن اسکوائر اور اس کے اطراف فلیٹس کے اندر گیراج کھول لئے گئے، پولیس حکام نے تصدیق کردی۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ گیراج کے خلاف کارروائی متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے اینٹی انکروچمنٹ سیل اور ایس بی سی اے کو فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔