سیاسی مفاد دہشت گردی خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ، حامد موسوی

January 23, 2022

پشاور(جنگ نیوز) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی مفاد پرستی دہشت گردی کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت تمام ملکی انتخابات گواہ ہیں کہ حزبِ اقتدار اور حزبِ مخالف کی تمام سیاسی جماعتوں کے کالعدم تنظیموں سے روابط ہیں، انار کلی لاہور سے بلوچستان تک دہشت گردی کے پیچھے بِلاشبہ بھارت کار فرما ہے لیکن اس کے سہولت کار کراچی سے خیبر تک موجود ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ماں کے تین بیٹوں کی شہادت پر حکمرانوں سیاستدانوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔سانحات پر افسروں کی معطلی ڈرامہ اور عوام کی آنکھوں میں دُھول جھونکنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کِیا۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ چار دہائیاں قبل پاکستان کو ایک طرف امریکی دوستی کا تحفہ دہشت گردی کی صورت مِلا تو دوسری جانب مذہبی جماعتوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو پراکسی جنگوں کا اکھاڑہ بنا دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن بھارت نے قیامِ پاکستان سے آج تک ہمارا پیچھا نہیں چھوڑا اور مُلک دشمن سازشوں پر اسی لیے قابو نہیں پایا جا سکا کہ حکومت اپوزیشن ہمیشہ ایک دوسرے کو زیر کرنے میں مصروف ہیں ۔