پشاور(جنگ نیوز)عید الفطر کے پہلے روز ایس او ایس فلاحی ادارے کے یتیم بچے گورنر ہاؤس پشاور پہنچے، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یتیم بچوں کی گورنر ہاؤس میں میزبانی کی اور بچوں میں عیدی تقسیم کی، گورنر ہاؤس آنیوالے یتیم بچوں نے گورنر کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور عید کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے یتیم بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں، بچوں کے ساتھ وقت گزار کر محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ عید الفطر کے پہلے روز یتیم بچوں کیساتھ خوشیاں بانٹ کر دلی مسرت ہوئی، یہ بچے معاشرے کی پوری توجہ اور محبت کے طلبگار ہیں، عید کی حقیقی خوشی معاشرے کے کمزور طبقہ کیساتھ ایثار، محبتیں بانٹنے کا نام ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یتیم بچوں کی پرورش اور تعلیم ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، ریاست اور معاشرے کو یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ بچے محنت اور تعلیم کے ذریعے پاکستان اور خیبر پختونخوا کا نام روشن کریں گے، یہ بچے مستقبل کے معمار ہیں، ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جائےگی۔