• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی نے عید کے ایام میں سیکورٹی کو مزید موثر اور گشت بڑھانے کی ہدایت کردی

پشاور(جنگ نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے عید کے پرُمسّرت موقع پر پشاور کے مختلف تھانوں اور پولیس چوکیات کا تفصیلی دورہ کیا، جن میں تھانہ سربند، رنگ روڈ چوکی اور زون 3 چوکی تھانہ ریگی ماڈل ٹاؤن شامل ہیں۔آئی جی پی نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و جوانوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، جذبہ خدمت اور عید کے موقع پر عوامی تحفظ کے لیے ان کی غیر معمولی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران و اہلکاروں میں مٹھائی اور عیدی بھی تقسیم کی ۔دورے کے دوران آئی جی پی نے تھانوں اور چوکیات کا تفصیلی معائنہ کیا، سیکیورٹی انتظامات، ڈیوٹی مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ عید کے اَیاّم میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، گشت کے نظام کو فعال رکھا جائے، حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بروقت اور بہترین سروس ڈیلیوری دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیوٹی کے دوران نظم و ضبط، الرٹنس اور پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید، ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان، پی ایس او ٹو آئی جی رائے مظہر اقبال اور ایس پی کینٹ عبداللّٰہ احسان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے افسران و جوان عید جیسی خوشیوں بھرے موقع پر بھی اپنے فرائض انتہائی لگن، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں، جو ان کے بلند حوصلے اور فرض شناسی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ پولیس شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی بدولت آج صوبے میں امن و استحکام کی فضا قائم ہے۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید حکمت عملی اور عوامی تعاون کے ذریعے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور خیبرپختونخوا پولیس ہر قسم کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔آخر میں انہوں نے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے، جذبہ خدمت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود، تربیت اور استعداد کار میں مزید بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔
پشاور سے مزید