کورونا ایمرجنسی رواں برس ختم ہوسکتی ہے، عالمی ادارہ صحت

January 25, 2022

لندن(اے ایف پی)ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اگر ہر ایک ویکسین لگوالیتا ہے تو کورونا ایمرجنسی رواں برس ختم ہوجائے گی،ادھر امریکا اور یورپ میں کورونا پابندیوں کیخلاف ہزاروں مظاہرین نے احتجاج کیا،اس دوران برسلز میں مظاہرین کے ساتھ پولیس کی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں،تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا ایمرجنسی رواں برس ختم ہوسکتی ہے،ٹیڈروس ایڈانوم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہر شخص ویکسین لگوائے اور علاج کروائے تو رواں برس ہی کورونا گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی سے نکل جائے گا،دوسری جانب فرانس میں ویکسین شدہ افراد کو بار،ریسٹورنٹس اور ٹرینوں میں داخلے کی اجازت دیدی گئی۔ادھرامریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ویکسین کیخلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، یورپ میں بھی کورونا ویکسین اور پابندیوں کیخلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا،برسلز میں 50 ہزار افراد نے کورونا پابندیوں کیخلاف احتجاج کیا،مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا،جواب میں پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔