حنا کھر کے والد غلام محمد نور ربانی کھر انتقال کرگئے

January 25, 2022

لاہور ( نمائندگان جنگ) سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ایم این اے ملک رضا ربانی کھر کے والدسابق صوبائی وزیر و ایم این اے ملک غلام محمد نور ربانی کھر انتقال کرگئے۔ وہ گردوں کے مرض میں مبتلا اور لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے، انکی نماز جنازہ کھر غربی میں جسٹس(ر) خلیل الرحمٰن رمدے نے پڑھائی،جس میں خواجہ عطاء اللہ ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ،سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفیٰ کھر، ملک غلام مرتضیٰ کھر سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم کو انکے آبائی قبرستان رحم علی شاہ میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے بھائی تھے ، 3 بار ممبر قومی اسمبلی اور ایک بار ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سابق صدر آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف،جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری نیلم جبار نے ملک غلام محمد نور ربانی کھر کے انتقال پر اظہارِ رنج و غم کیا۔