پی ڈی ایم کا لانگ مارچ کی تاریخ نہ بدلنے کا فیصلہ

January 25, 2022

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد سمیت اسٹیئرنگ کمیٹی کی 8 سفارشات پر غور کیا گیا۔

پی ڈی ایم اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ لانگ مارچ کے اسلام آباد میں قیام کو خفیہ رکھا جائے گا اور دھرنے کی تفصیل لانگ مارچ کے قریب جاری کی جائیں گی۔

دوران اجلاس اسٹیئرنگ کمیٹی نے تجویز دی کہ اگر پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں شرکت کرنا چاہتی ہے تو اجازت دے دی جائے۔

تجویز دی گئی کہ لانگ مارچ میں کسی بھی نوعیت کی تبدیلی سے اچھا تاثر نہیں جائے گا۔

پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں صدارتی نظام مسترد کردیا اور اس نظام کو ملکی تشخص پر وار سے تعبیر کیا۔

اس موقع پر اسٹیٹ بینک ترمیمی بل اور منی بجٹ کو بھی مسترد کیا گیا اورکہاکہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل اور منی بجٹ کو بھی مسترد کردیا ہے۔

پی ڈی ایم رہنماؤں نے موقف اختیار کیا کہ ہم عوام پرٹیکسوں کےاضافہ کےبوجھ کومستردکرتے ہیں ،حکومت کی تبدیلی کے بعد اس بل کو فوری طور پر واپس لے لیا جائے گا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک خودمختاری کے نام پر ترمیمی بل کا راستہ سینیٹ میں بھرپور انداز میں روکا جائے گا ۔