ملازمین کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل

January 26, 2022

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے)ملٹری اکائونٹنٹ جنرل فرید محمود چوہدری نے کہا ہےکہ ملازمین کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ،آئی ٹی کیڈر خصوصاً ڈیٹا انٹری آپریٹرز کے مسائل کووزارت دفاع کے حکام کے ساتھ اٹھا رکھا ہے توقع ہے کہ ان کے پروموشن کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز آئی ٹی کیڈر سے متعلقہ ملنے والے ملازمین سے کیں اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کو میڈیکل کی آئوٹ ڈور سہولت کی فراہمی سمیت پروموشن کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔ ملازمین نے بتایا کہ چند سال قبل ادارے کے بعض اکائونٹ افسران نے اپنے بچوں کیلئے ون ٹائم کیڈر تبدیل کروا لیا تھا اور ان کے بچے دوسرے کیڈر میں جا کر گریڈ سترہ میں جاچکے ہیں جبکہ ہمارا کیڈر تبدیل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ہم محکمانہ امتحان دے سکتے ہیں حالانکہ یہ ساری چیزیں پہلے ہوتی آئی ہیں ، انہوں نے ملٹری اکائونٹنٹ جنرل سے مطالبہ کیا کہ انہیں کیڈر تبدیلی اور محکمانہ امتحانات اے اے او میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے ، ملٹری اکائونٹنٹ جنرل فرید چوہدری نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ ان کے مسائل کو حل کروایا جائے گا۔