فارن فنڈنگ، مریم نواز کی پی ٹی آئی پر پھر تنقید

January 28, 2022

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اسپتال کے پیسے پارٹی فنڈ کے لئے استعمال کرنا گھناؤنا جرم ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق کہا کہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اسپتال کے نام پر مانگے گئے پیسے پارٹی فنڈ میں جاتے رہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پارٹی فنڈ کے پیسے ذاتی اکاؤنٹ جبکہ عوام کے پیسے ان کی جیبوں میں جاتے رہے۔یہ اخلاقی، مذہبی اور قانونی طور پر انتہائی گھناؤنے جرائم ہیں جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف چوری اور لوٹ مار کے شعبے میں ترقی ہوئی ہے، عوام کی جیبیں خالی کرنے والےعمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کئے۔