کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کی حمایت نہیں کرتے اور ذاتی طور پر ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ سیاسی اختلافات کو گھر کی خواتین تک نہیں لے جانا چاہیے۔ یہ روایت نئی نہیں ہے، ماضی میں بھی سیاسی رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کو گرفتار کیا گیا۔ عمران خان کے دورِ حکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا جبکہ مریم نواز کو بھی گرفتار کیا گیا۔ کسی نہ کسی کو یہ روایت ختم کرنی ہوگی اور سیاسی لڑائیوں کو خواتین اور خاندان تک نہیں لانا چاہیے۔دائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ سوشل میڈیا کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت گزشتہ 18 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہے اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں بڑے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔