کراچی اور سندھ کے عوام کو غفلت سےنکلنا ہوگا، فیصل محمود

January 29, 2022

برمنگھم ( پ ر ) پاک سرزمين پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر فیصل محمود نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کب خواب غفلت سے جاگیں گے ،کراچی میں پانی کو انڈسٹری بنا دیا گیا ہے ۔ ٹینکر مافیا صاف پینے کا پانی ہزاروں میں فراہم کرتی ہے،دوسری طرف صاف پانی کی بوتل 50 سے 60 روپے کی فروخت ہورہی ہے ، سندھ خصوصا کراچی کے عوام پانی کے لئےہزاروں روپے دینے کے لئے تیار ہیں مگر اپنا آئینی حق لینے اور پرامن جدد جہد کرنے کے لئے گھروں سے باہر نکلنے کے لئے تیار نہیں ہیں، قربان جائیں سندھ کے عوام پر کہ ان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے،پانی بند،نوکریاں بند،ٹرانسپورٹ بند،صحت و صفائی کی سہولتیں بند، سرکاری اسکول بند، سرکاری ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتیں بند اور پھر PFC ایوارڈ بھی بند، پھر بھی عوام غافل ہیں، یاد رکھیں جو قومیں اپنے حقوق کے لئے جدوجہد نہیں کرتیں ان کا حال ایسا ہی ہوتا ہے جو آج سندھ بھر کے عوام کا ہے ،پاک سرزمین پارٹی نے 30 جنوری کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر کے سوئی ہوئی قوم کو جگا دیا ہے، یہ مظاہرہ صرف کراچی کا ہی نہیں بلکہ سندھ بھر کے عوام کو ان کے آئینی حقوق دلوانے کی نوید لے کر طلوع ہو گا، یہ مظاہرہ ایک نئی صبح کا آغاز ہو گا جو عناصر اس کالے بلدیاتی قانون کی آڑ میں دونوں جانب سے ایک پھر لسانیت کی آگ لگانا چاہتے ہیں انہیں بھی پیغام ہے کہ اب سندھ کے عوام کسی سندھو دیش کو کسی لسانی صوبہ کو اور در پردہ را کے آلہ کاروں کے کسی بھی منصوبہ کو مسلط نہیں ہونے دیں گے ، یاد رکھیں جب کراچی اٹھتا ہے پورا پاکستان اٹھتا ہے اور اب کراچی ہی پورے پاکستان کو ترقی,خوشحالی اور بلندیوں پر لے کر جائے گا کیونکہ کراچی منی پاکستان ہے۔