مر ی میں سیاحوں کے داخلے پرعائد وقت کی پابندی ختم

January 29, 2022

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)مر ی میں سیاحوں کے داخلے پرعائد وقت کی پابندی ختم کردی گئی تاہم آٹھ ہزار گاڑیوں والی حد سمیت دیگر ایس او پیز برقرار رہینگے۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ پہلے سیاحوں کے داخلے کیلئے وقت مخصوص تھا جو صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے تک تھا،اب یہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔سیاح کسی بھی وقت مری آجاسکتے ہیں تاہم باقی احتیاطی تدابیر کے تحت جو پابندیاں ہیں وہ جار ی رہیں گی۔ ایک پابندی آٹھ ہزار گاڑیوں کی ہے، جب بھی مری میں آٹھ ہزار گاڑیاں پہنچیں گی تو مزید گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔