سلائیڈنگ کھڑکیاں

May 14, 2022

سمیرا سلمان

گھروں میں ہوا کے گزر اور مجموعی فضا کو بہتر بنانے کے لئے کھڑکیاں بنائی جاتی ہیں۔ لیکن اب پہلے کے مقابلے میں کھڑکیوں میں کافی جدت آگئے ہے، ان کے نت نئی ڈیزائن متعارف ہو گئے ہیں ،پہلے دو پٹ والے ڈیزائن خاصے مقبول تھے، پھر سلائیڈنگ ونڈوز کا دور آگیا، اس میں اختراعات دیکھنے میں آرہی ہیں۔ بڑی بڑی کھڑکیوں کا رواج بھی عام ہوگیا ہے اور ان سے کمرہ بھی کشادہ لگتا ہے ۔گھروں میں تازہ ہوا کے گزر سے تازگی پیدا ہوتی ہے۔ اس ہفتے ہم آپ کو سلائیڈ نگ کھڑکیوں کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ اس سے بیرونی مناظر بھی دیکھ سکتی ہیں۔ سلائیڈ نگ کھڑکیاں اور کھڑکیوں کے مقابلے میںکھولنے اور بند کرنے میں بہتر ہوتی ہیں۔ ان کی چوڑائی لمبائی کی بنت کہیں زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے باہر کے مناظر کا بلا رکاوٹ فطری نظارہ آسانی سے دیکھا جاسکتا ہے۔یہ کھڑکیاں صرف آکسیجن یعنی تازہ ہوا اور دھوپ ہی اندر لانے کا سبب نہیں بنتی بلکہ آپ جب چاہیں بیرونی مناظر بھی دیکھ سکتے ہیں کہیں سبزہ زار تو کہیں عمارتوں کا ہجوم اور کہیں دکھائی دیتی طویل شاہراہ، اس طرح لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

ہوا کی آمد ورفت اور توانائی کے حصول کے لئے سلائیڈنگ ونڈوز کے پٹ کچھ ایسے پیچیدہ بھی نہیں ہوتے جب کہ عام کھڑکیوں میں ڈیزائن کی پیچیدگی روشنی اور ہوا کے عمل میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ معیاری تعمیرات میں Energy Efficient شیشے استعمال کئے جاتے ہیں۔ مؤثر توانائی رکھنے والے یہ شیشے گھر کے درجہ ٔحرارت کو معمول پر رکھتے ہیں۔ کچھ کھڑکیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جن کے دونوں پٹ ایک ہی وقت میں کھولے جا سکتے ہیں اور یہ خاصیت مکینوں کو سلائیڈنگ کھڑکیوں کے دیگر ڈیزائن کے برعکس زیادہ وینٹیلیشن فراہم کرتی ہے۔

یہ آسان استعمال اور دروازے کا متبادل بھی ہیں۔ سلائیڈنگ کھڑکیاں دیگر کھڑکیوں کے برعکس استعمال میں آسان ہے۔ اس ڈیزائن میں عام طور پر ایک پٹ کھولنے کی سہولت ہوتی ہے جب کہ کھڑکی کا دوسرا پٹ ساکن رہتاہے یہ باآسانی کھولی اور بند کی جاسکتی ہے۔ اور یہ گھر کے مختلف حصوں کے لئے دروازے کا متبادل بھی ہوتی ہے۔ اس طرح گھر کشادہ بھی نظر آتاہے۔ آپ چاہے تو ان کھڑکیوں کو مختلف اسٹائلز میں بھی بناواسکتی ہیں۔ ذیل میں کچھ اسٹائلز کےبارے میں آپ کو بتا یا جارہا ہے ۔

فرنچ اسٹائل:

اس اسٹائل کو فرانسیسی اسٹائل بھی کہا جاتا ہے جیسے بارڈر فریم کے ساتھ بنوایا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل کراچی شہر میں زیادہ بناوایا جاتا ہے کیوں کہ یہاں گرمی کا موسم بھی خاصا طویل ہوتا ہے اور بارشیں بھی کم ہوتی ہیں ۔

رنگین سلائیڈنگ کھڑکیاں:

یہ رنگین گلاس سے بنی ہوتی ہیں اور اگر رنگین گلاس نہ ہوں تو سادہ شیشوں پر وال پیپرز لگا کے بھی مقصد پورا کیا جاسکتا ہے۔

ہاف سلائیڈنگ کھڑکیاں:

چھوٹی کھڑکیوں کے لئے ان کھڑکیوں کا انتخاب زیادہ اچھا رہتا ہے۔ یہ کھڑکی بھی دیگر کھڑکیوں کی طرح بنوائی جاتی ہے لیکن سائز میں چھوٹی ہونے کے باعث یہ مخصوص ڈیزائنوں ہی میں تیار کی جاتی ہے۔