کراچی میں شدید گرمی، دوران میچ نوجوان کرکٹر عمر خان جاں بحق

May 16, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جاری شدید گرمی کے باعث ایک فٹ بالر کے بعد ایک ہونہار کرکٹر جان کی بازی ہار گئے۔ پی سی بی کے کرکٹ کوچ طاہر خان نے عمر خان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ انو بھائی پارک میں نمائشی کرکٹ میچ کے دوران فاسٹ بولر عمر خان انتقال کر گئے ۔ عمر خان کی ٹیم زینت اسپورٹس میچ جیت رہی تھی، عمر خان نے آخری اوور کی آخری گیند کرائی ۔ عینی شاہدین کے مطابق گیند کراتے ہی عمر خان زمین پر گرگئے گرائونڈ میں طبی امداد کا کوئی انتظام نہیں تھا انہیں عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ عمر خان ملیر کا رہائشی تھا ۔ دو دن قبل لیاری میں شبیر میموریل کلب کے فٹبالرولی محمد ہیٹ ویو کے باعث انتقال کر گئے تھے۔