حکومتی دعوؤں کے برعکس بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ

May 16, 2022

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )حکومتی دعوئوں کے برعکس راولپنڈی سمیت ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے ، گرمی کے ستائے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، طارق آباد سب ڈویژن کے علاقوں ٹاہلی موہری ، نورس کالونی ، محمد محلہ ، غوثیہ چوک وغیرہ میں اتوار کی صبح بجے بند ہونے والی بجلی شام گئے تک بحال نہ ہو سکی ،سواں سب ڈویژن کے علاقے شاد مان کالونی ،جہلم روڈ، بڑیں روڈ، مورگاہ اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ روز بھی مینٹی نینس کے نام پر مسلسل چار، چار گھنٹے بجلی بند رہی ، جس کی وجہ سے اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، طویل لوڈ شیڈنگ سے جہاں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے وہاں مریض اور بچے شدید گرمی سے بلبلاتے رہے۔ طارق آباد سب ڈویژن کے علاقے میں اتوار کی صبح 6بجے غائب ہونے والی بجلی رات گئے تک بحال نہ ہو سکی ، واپڈا حکام شہریوں کی طرف سے پوچھنے پر ایک ہی جواب دیتے رہے کہ ایک گھنٹے بعد بجلی آجائے گی مگر اس کے باوجود بجلی نہ آسکی۔ دھمیال سب ڈویژن کے علاقوں میں بجلی کی ٹرپنگ رات گئے تک جاری رہی۔