ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی نظر انداز، یوسف کی اسد شفیق پر تنقید

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ بیٹسمین اسد شفیق نے فرسٹ کلاس میں تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھائی کم بیک کرنے کے لئے اچھی کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے۔ انہوں نے شان مسعود کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح وہ کاؤنٹی کرکٹ میںکھیل رہے ہیں آج تک کوئی نہیں کھیلا۔ البتہ محمد یوسف نے حقائق جاننے اور اعداد وشمار چیک کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اسد شفیق کو دو سال پہلے پاکستان ٹیم سے ڈراپ کرکے فواد عالم کو شامل کیا گیا تھا۔ گذشتہ فرسٹ کلاس سیزن میں اسد شفیق نے سندھ کیلئے دس فرسٹ کلاس میچوں میں523رنز چار ففٹیز کی مدد سے بنائے۔ ان کا بیٹنگ اوسط 34.87 ہے۔ قائد اعظم ٹرافی کے بعد پاکستان کپ ون ڈے میں دوسنچریاں اورتین نصف سنچریاں بناکر بلوچستان کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد یوسف ماضی میں اسد شفیق کے مداح رہے ہیں، تاہم اب انہیں کنڈیشننگ کیمپ میں بھی نہیں مدعو کیا گیا ہے۔منگل کو پریس کانفرنس میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا کھیل بہتر کرنے کے لیے کیمپ لگا۔ جب تمام کھلاڑی پرفارم کریں گے تو کھیل میں بہتری آئے گی، کوشش ہے اس کھیل میں بیٹرز کو زیادہ مواقع فراہم کریں۔ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، دن بہ دن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔ ماضی کی کرکٹ اور آج کی کرکٹ میں فرق ہے۔ عابد علی کی ٹریننگ دیکھ کران کی ٹیم میں واپسی کیامید ہے۔