ببل کا خاتمہ،سینٹرل کنٹریکٹ معاوضے میں اضافہ، امام الحق کی عید ہوگئی

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز میں بایو سیکیور ببل ختم ہونے کا اشارہ دے دیا۔ بائیوسیکیور ببل کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے امام الحق نے منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ویسٹ انڈیز سیریز میں بائیو سیکیور ببل کا نہ ہونا ایسے ہی ہے جیسے ہماری عید ہو۔ کوویڈ کے دنوں میں ببل میں کھیلنا بہت مشکل تھا۔اب شکر ہے حالات نارمل ہوئے ہیں۔ کیمپ میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کوکرکٹرز انجوائے کررہے ہیں،دعا ہے کہ زندگی اسی طرح چلتی رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے جس نمبر پر موقع ملے گا کوشش کروں گا پرفارمنس دوں۔ لاہور کے سخت موسم میں ٹریننگ سے فائدہ ہوگا، بطور پروفیشنل کرکٹر گرمی کوئی بہانہ نہیں۔ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضے میں اضافہ خوش آئند ہے۔ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کے خلاف پرفارم کرتے ہیں تو مورال بلند ہوتا ہے۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سیریز کے لیے تمام لڑکے تیار ہیں۔ مستقبل کیلئے کوئی خاص اہداف مقرر نہیں کئے ہیں۔ میرا کام اچھی پرفارمنس دینا ہے باقی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ کس فارمیٹ میں کھلاتی ہے۔