• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی 20، پاکستان کا آسٹریلیا کو ہرانے کا 7 سالہ انتظار ختم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہونےسے دس دن پہلے پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو پہلے ٹی 20 انٹر نیشنل میں 22 رنز سے زیر کرلیا۔ اس فارمیٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سات سال بعد جبکہ لاہور میں ساتواں لگاتار میچ جیتا۔ پاکستان نے2018 میں آسٹریلیا کوٹی ٹوئنٹی میں مات دی تھی ۔ صائم ایوب کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت سلو اور ڈرائی پچ پر آسٹریلوی ٹیم مزاحمت نہ کرسکی۔ کینگروز ٹیم 168 کے جواب میں 8وکٹ پر146رنز بناسکی۔ صائم ایوب نے29ابرار احمد نے دس رنز دے کر دو ،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاداب خان اور نواز کو ایک ایک وکٹ ملی۔ مہمان ٹیم پیٹ کمنز، ہیزل ووڈ اور میکسویل کے بغیر پاکستان آئی ہے ۔ مچل مارش اور ،جوش انگلس نے پہلا میچ نہیں کھیلا۔ٹریویس ہیڈ نے قیادت کی ۔ ماہلی بیئرڈ مین، جیک ایڈورڈز اور میتھیو رنشا نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔ بابر اعظم جو عام طور پر اوپنر یا تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے رہے ہیں، چوتھے نمبر پر بیٹنگ کا موقع دیا گیا۔ بابر اعظم ایک سو واں انٹر نیشنل میچ کھیل رہے تھے وہ پراعتماد دکھائی نہیں دیئے۔ انہوں نے 24 رنز 20 گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے۔ بابر اعظم 2018کے بعد دوسری بار چوتھے نمبر پر کھیل رہے تھے۔ انہوں نے شاندار فیلڈنگ کرتے ہوئے تین کیچ لئے۔ آسٹریلیا کیلئے کیمرون گرین نے سب سے زیادہ36 رنز31 گیندوں پر بنائے۔ محمد نواز کی گیند پر بابر اعظم نے ان کا مشکل کیچ لیا۔ زیوریر نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 34 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز تیز رفتاری سے کیا، چھ اوورز میں دو وکٹ پر57رنز بنے ۔ لیکن وکٹیں گرتی رہیں۔ ابتدائی پانچ میں دو بیٹر رن آئوٹ ہوئے۔ میتھیو شارٹ پانچ رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان ٹریوس ہیڈ خطرناک انداز میں بیٹنگ کررہے تھے وہ13گیندوں پر23رنز بناکر صائم کی گیند پر کیچ ہوئے۔

اسپورٹس سے مزید