ملازمین کی تنخواہوں میں امتیازی اضافے کیخلاف عدالتی احکامات پر عمل کریں، بصورت دیگر گورنر اسٹیٹ بینک خود پیش ہوں، ہائیکورٹ

May 18, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے اسٹیٹ بینک ملازمین کی تنخواہوں میں امتیازی اضافے کے خلاف عدالتی احکامات پر دو ہفتوں میں عمل درآمد کر کے رپورٹ پیش کریں بصورت دیگر گورنر اسٹیٹ بینک خود پیش ہو کر وضاحت دیں۔منگل کو سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ پہلے جاری کیے گئے نوٹس کے جواب میں بینک نے کوئی جواب داخل نہیں کیا جبکہ عدالت عالیہ نے جواب طلب کیا تھا سماعت کے دوران اسٹیٹ بینک کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں آٹھ ہفتے کا وقت دیا جائے کیونکہ پہلے والےگورنر صاحب جاچکے ہیں اور اس وقت نئے گورنر خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں معاملات کو سمجھنے میں وقت لگے گا دلیل سننے کے بعد فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ گورنر کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا فریق اسٹیٹ بینک ہے اور اس کا کام جاری ہے۔ عدالت نے اسٹیٹ بینک کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ دو ہفتے کے اندر کیس سے متعلق عمل درآمد مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے بصورت دیگر گورنر خود عدالت میں آکر وضاحت دیں۔