پشاور، بی اے آر ڈی اور جی آئی کے آئی کا انڈومنٹ فنڈ کیلئے یادداشت پر دستخط

May 18, 2022

پشاور(نیوزرپورٹر) بلقیس اینڈ عبدالرزاق داؤد (BARD) فاؤنڈیشن نے ڈیسکون (DESCON) انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کے لیے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (GIKI) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ فنڈ ستمبر 2022 سے GIK انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے والے مستحق طلباء و طالبات کے لیے یکساں دستیاب ہوگا۔ معاہدہ پر دستخط کی تقریب میں بارڈ فاؤنڈیشن کے چیئرمین BOGعبدالرزاق داؤد جبکہ ممبران فیصل داؤد اور فاروق نذیر جبکہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ کی نمائندگی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد (ستارہ امتیاز) پرو ریکٹر (اکیڈمک) پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد خان،ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ ڈاکٹر خالد رحمان اور ڈائریکٹر فنانس شاہد فاروق نے کی۔ عبدالرزاق داؤد نے اس موقع پر کہا کہ،”بارڈ فاؤنڈیشن اور ڈیسکون کے تحت ہمارا پختہ یقین ہے کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیہ کے مابین تعاون سے جدید تعلیم کو فروغ جبکہ ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ ہمارے انڈوومنٹ فنڈ کا مقصد مستحق طلباء کی فنی مہارت اور علم کاحصول یقینی بنانا ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کا درست استعمال کیا جاسکے۔“ماہرین کا خیال ہے کہ یونیورسٹیاں علم تخلیق کرتی ہیں اور جب تک وہ علم صنعتی ضرورت پر مبنی نہ ہو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بارڈ فاؤنڈیشن اور ڈیسکون کے فلاحی اقدامات اور علمی افزودگی کے لیے ان کی کوششوں کو اہم اسٹیک ہولڈرز نے سراہا ہے۔ بارڈ فاؤنڈیشن انسانی ترقی کا ایک قدم ہے جسے معروف صنعت کار، عبدالرزاق داؤد اور ان کی اہلیہ معروف مخیر شخصیت، محترمہ بلقیس داؤد نے قائم کیا تھا۔ فاؤنڈیشن پسماندہ افراد کی مدد کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لانے کی کوشش کرتی ہے۔