• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کریم پورہ بازار میں صفائی نظام کی بہتری کیلئے تاجر رہنما سرگرم ہوگئے

پشاور (جنگ نیوز)کریم پورہ بازار کے صدر حبیب اللہ کی سربراہی میں تاجر رہنماؤں اور عہدیداران کے وفد نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (WSSP) زون بی کے منیجر طارق عزیز سے ملاقات کی، جس میں بازار کی صفائی، کچرا اٹھانے کے نظام، نکاسی آب اور دیگر شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر حبیب اللہ (شاہ جی) نے کہا کہ کریم پورہ بازار شہر کے مصروف ترین تجارتی مراکز میں شامل ہے، جہاں روزانہ ہزاروں شہری آتے ہیں، لہٰذا صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کچرا اٹھانے کے اوقات میں بہتری، صفائی عملے کی تعداد بڑھانے اور بند نالیوں کی فوری صفائی کا مطالبہ کیا۔تاجر رہنماؤں نے مختلف مقامات پر صفائی کی ناقص صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے تجویز دی کہ WSSP اور تاجر برادری کے درمیان مستقل رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جائے تاکہ مسائل بروقت حل کیے جا سکیں۔WSSP زون بی کے منیجر طارق عزیز نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بازار میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ تاجر برادری کے ساتھ باہمی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
پشاور سے مزید