پشاور(این این آئی)کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے رات گئے تاریخی اسلامیہ کالج پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کالج کے وائس چانسلر سے ملاقات کی اور پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت جاری تزئین و آرائش، تاریخی بحالی اور جدید آرکیٹیکچرل لائٹنگ کے منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر متعلقہ حکام نے کمشنر پشاور ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تاریخی اسلامیہ کالج کی اصل شناخت اور تاریخی وقار کو برقرار رکھتے ہوئے عمارت کی تزئین و آرائش، بحالی اور جدید طرز کی لائٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبہ آئندہ 48گھنٹوں کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔کمشنر ریاض خان محسود نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ اس تاریخی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح جلد از جلد وزیراعلی خیبر پختونخوا کے ہاتھوں کیا جا سکے۔