سابق کرکٹرز کی پینشن میں فی کس ایک لاکھ روپے کا اضافہ، کم سے کم رقم 1 لاکھ 42 ہزار ہوگئی

May 20, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسے وقت میں جب کہ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پلیئرز ویلفیئر پالیسی کے تحت ہر کیٹگری میںکھلاڑیوں کی پینشن میں فی کس ایک لاکھ روپے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ تازہ ترین تبدیلیاں یکم جولائی 2022 سے نافذ العمل ہوں گی ۔ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے کرکٹرز اس پالیسی سے مستفید ہو سکیں گے۔ اس اضافے کے بعد اب دس یا اس سے کم ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو ماہوار ایک لاکھ 42 ہزار روپے پینشن ملے گی۔ گیارہ سے بیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ریٹائرڈ کھلاڑی اب ماہوار ایک لاکھ 48 ہزار روپے ماہوار پینشن وصول کریں گے۔ اسی طرح 21 یا اس سے زائد ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ٹیسٹ کرکٹرز کی ماہوار پینشن 52 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ 52 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ پالیسی میں ترمیم کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر کی وفات کے بعد پینشن ان کی اہلیہ کو وصول کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس سے قبل کرکٹر کی وفات کے بعد ان کے قانونی ورثاء کو صرف ایک مرتبہ ہی پینشن وصول کرنے کا حق تھا، جو ان کی کٹیگری کی بریکٹ کے مطابق 12 ماہ کے برابر تھی۔ پی سی بی کی ویلفیئر پالیسی آخری مرتبہ جنوری 2019 میں اپ ڈیٹ کی گئی تھی۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجاکا کہنا ہے کہ پینشن کی میں اضافے اورپی سی بی ویلفیئر پالیسی میں دیگر ترامیم کا اعلان کرتے ہوئے انہیں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ سابق کرکٹر کی حیثیت سے ہمیشہ موجودہ اور سابق کرکٹرز کے مفادات کی حفاظت اور ان کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔ خوشی ہے کہ اپنا ایک اور وعدہ پورا کرنے میں کامیاب رہے ۔ ترامیم کے بعدکھلاڑیوں کی پینشن میں سالانہ اضافہ بھی ہوا کرے گا۔ پینشن میں اضافے کے علاوہ پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کے انتقال کے بعد ان کی بیواؤں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے کرکٹرز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پی سی بی پلیئرز ویلفیئر پالیسی میں یہ ترامیم پی سی بی کےان عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔سابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پی سی بی کا بینوولنٹ فنڈ پہلے ہی موجود ہے۔